بنگلور:کرناٹک کے چندپورہ سے ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ یہاں ایک 28 سالہ شخص نے جمعہ کے روز نہ صرف اپنی بیوی کو بے رحمی سے قتل کیا بلکہ اس کا کٹا ہوا سر لے کر خود پولیس اسٹیشن پہنچ گیا۔ پولیس اسٹیشن میں یہ منظر دیکھ کر وہاں موجود لوگوں کے رونگٹے کھڑے ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق ملزم شوہر اپنی بیوی کے مبینہ غیر ازدواجی تعلقات سے پریشان تھا، اور واردات سے قبل دونوں کے درمیان اسی معاملے پر شدید جھگڑا ہوا تھا، جس کے بعد شوہر نے غصے میں آ کر یہ خوفناک قدم اٹھا لیا۔
یہ واقعہ انیکل تعلقہ کے چندپورہ کے قریب ہیلالیگے گاؤں کا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم شنکر نے اپنی 26 سالہ بیوی مانسا کو مبینہ غیر ازدواجی تعلقات پر جھگڑے کے بعد قتل کر دیا۔
بعد ازاں سوریہ نگر تھانے کی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کر لیا ہے، اور مزید پوچھ گچھ جاری ہے۔