
بھیونڈی (شارف انصاری ):- آج یہاں شہر کے کلیان روڈ پر فیملی پلاننگ ایسوسی ایشن بھیونڈی نے انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن کے اشتراک سے خواتین کے مخصوص امراض کے چیک اپ اور علاج سے متعلق میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا ۔ اس کیمپ میں آج مختص سو خواتین کا چیک اپ کیا گیا اس چیک اپ میں بطور خاص عورتوں کے عام کینسر ۔بچہ دانی کا کینسر۔ پستان کا کینسر اور گانٹھ کے علاوہ ہیمو گلوبین چیک کیا گیا ۔ کیمپ کی نگراں گاولی میڈم نے بتایاکہ بھیونڈی شہر میں میڈیکل کیمپ تو کافی ہوتے رہتے ہیں جس میں مرد ڈاکٹرس ہوتےہیں اور خواتین کو بھی مرد یا جنرل خاتون ڈاکٹرس ہی دیکھتی ہیں جہاں خواتین اپنے مخصوص اور پوشیدہ مسائل کھل کر نہیں بتا پاتی ہیں ۔
لیکن آج کے کیمپ میں صرف خواتین کا چیک اپ کیا گیا اور خواتین کے ان مخصوص وپوشیدہ امراض کی طرف توجہ دلائی گئی جس کی طرف خود عورتوں کا بھی دھیان کم ہوتا ہے یا اسے کچھ وقتی مسئلہ سمجھ کر نظر انداز کردیا جاتا ہے اور پھر بڑی مصیبت کھڑی ہوجاتی ہے کیونکہ یہ سارے چیک اپ کافی مہنگے بھی ہوتےہیں ۔مگر خواتین کے لئے خصوصی کیمپ جس میں بھیونڈی کی امراض نسواں کی ماہر خاتون ڈاکٹروں نے ہی چیک اپ کیا ہے اور خواتین نے کھل کر اپنے مسائل بتائے ہیں ۔جن خواتین کے چیک اپ میں کہیں کینسر کا شائبہ یا گانٹھ وغیرہ پائی گئی ہے ان کا کافی رعایتی علاج تجویز کیا گیا ہے ۔اس کیمپ میں جن خاتون ڈاکٹروں نے مفت میں اپنی خدمات پیش کیں ان میں اجولا برداپرکر ۔دیویکیہ جوشی ۔ارچنا گائیکواڈ ۔سپریا ارواری ۔مشباکنی گاوکر ۔بھارتی دیوی لیکر کے نام شامل ہیں ۔فیملی پلاننگ ایسوسی ایشن کے ضلعی چئیرمین ڈاکٹر شبی راو نے بتایا کہ خواتین میں قوت برداشت بہت ہوتی ہے اور گھریلو مصروفیات کی وجہ سے اور کبھی معاشی مسائل کی وجہ سے چیک اپ نہیں کراپاتیں اور چھوٹی چھوٹی بیماریاں بڑی ہوجاتی ہیں اور پھر ان کے علاج پر لمبی رقم زیور وجائداد بیچ کر خرچ کرنا پڑتا ہے ۔اس لئے آج جو کیمپ بھیونڈی ٹیم نے منعقد کیا ہے وہ بڑی اہمیت کا حامل ہے ڈاکٹر سپریا ارواری اور اجولا برداپرکر نے بھیونڈی ایف پی اے ٹیم کی لیڈر گاولی میڈم اور ان کی ٹیم کو بہترین میڈیکل کیمپ کے انعقاد پر مبارکباد دی ۔