گریٹر نوئیڈا :کورونا لاک ڈاؤن میں اسکولوں کے ذریعہ سرپرستوں پر فیس دینے کا دباؤ بنانے کے معاملے لگاتار سامنے آ رہے ہیں۔ لیکن اتر پردیش کے گریٹر نوئیڈا میں ایک ایسا معاملہ سامنے آیا ہے جس کے بارے میں سن کر ہر کوئی حیران ہے۔ یہاں ایک اسکول کے چیئرمین پر عصمت دری کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اسٹوڈنٹ کی فیس نہیں جمع کرنے کی صورت میں اس کی بہن کو اسکول چیئرمین نے اپنی ہوس کا شکار بنایا۔ متاثرہ کے بیان پر پولس نے معاملہ درج کر لیا ہے اور ملزم کی گرفتاری بھی عمل میں آ گئی ہے۔اسٹوڈنٹ کی بہن کے مطابق اسکول کے چیئرمین نے اسے ٹی سی دینے کے بہانے اسکول میں بلایا اور اس کے ساتھ عصمت دری کی۔ متاثرہ کے مطابق اس کا بھائی آٹھویں کلاس میں پڑھتا ہے۔ لاک ڈاؤن کی وجہ سے وہ اپنے بھائی کی فیس نہیں جمع کرا پائی تھی۔ ایسے میں اسکول کے مالک نے فیس جمع کرنے کو لے کر ان کی فیملی پر دباؤ بنانا شروع کر دیا۔ اسٹوڈنٹ کی 20 سالہ بہن اسکول کے مالک سے کئی بار ملی۔ اس نے بتایا کہ معاشی بدحالی کی وجہ سے وہ فیس نہیں بھر پا رہے ہیں۔ اس نے اسکول مالک سے فیس معاف کرنے کی اپیل بھی کی۔
ڈی سی پی وومن ورندا شکلا نے اس تعلق سے بتایا کہ ملزم نے اسٹوڈنٹ کی بہن کو ٹی سی دینے کے بہانے بلایا تھا۔ اسی دوران ملزم چیئرمین نے اس کے ساتھ زناکاری کو انجام دیا۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ عدالت میں پیش کرنے کے بعد اسے جیل بھیج دیا گیا ہے۔ پورے معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔