بجٹ LIVE: بری خبر! پٹرول-ڈیزل، تمباکو اور سونے پر ٹیکس بڑھانے کا اعلان

بجٹ میں پٹرول-ڈیزل، تمباکو اور سونے پر ٹیکس بڑھانے کا اعلان

نرملا سیتا رمن نے سونا پر ٹیکس 10 فیصد سے بڑھا کر 12.5 فیصد کر دیا ہے۔ تمباکو پر بھی اضافی ٹیکس لگانے کا انھوں نے اعلان کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پٹرول و ڈیزل پر 1-1 روپے کا اضافی پروڈکشن ٹیکس لگانے کا مرکزی وزیر مالیات نے اعلان کیا ہے۔ ظاہر ہے کہ اس سے مذکورہ سامانوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا۔

اس بجٹ میں کچھ بھی نیا نہیں، پرانے وعدوں کو دہرایا گیا: ادھیر رنجن

کانگریس لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتارمن کی بجٹ تقریر پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’اس بجٹ میں کچھ بھی نیا نہیں ہے، صرف پرانے وعدوں کو دہرایا گیا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’وہ نیو انڈیا کی بات کر رہے ہیں، لیکن بجٹ ایک نئی بوتل میں پرانی شراب کی طرح ہے۔ بجٹ میں کوئی نئی بات نہیں، روزگار پیدا کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں، کوئی نئی پیش قدمی نہیں۔‘‘


اب 5 لاکھ تک کی آمدنی پر لوگوں کو نہیں ادا کرنا ہوگا انکم ٹیکس

مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتارمن نے ایک بڑا اعلان کرتے ہوئے 5 لاکھ تک کی آمدنی والے لوگوں کو انکم ٹیکس سے چھوٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔ پہلے 2.5 لاکھ آمدنی تک انکم ٹیکس چھوٹ دی جاتی تھی۔ 2.5 لاکھ سے 5 لاکھ تک کی آمدنی والوں کو 5 فیصد اور 5 لاکھ سے 10 لاکھ روپے آمدنی والوں کو 20 فیصد انکم ٹیکس دینا ہوتا تھا۔

نرملا سیتا رمن نے ساتھ ہی 45 لاکھ روپے تک کے گھر کی خرید پر 1.5 لاکھ کی چھوٹ دینے اور 45 لاکھ روپے تک کا گھر قرض پر خریدے جانے پر قرض کی چھوٹ 3.5 لاکھ دینے کا بھی اعلان کیا۔


بیرون ممالک طلبا کے لیے ’اسٹڈی ان انڈیا‘ منصوبہ شروع کیے جانے کی تجویز

نرملا سیتارمن نے ملک میں نئی پالیسی کو متعارف کیے جانے کا اعلان کیا اور کہا کہ ہندوستان کو اعلیٰ تعلیم کا مرکز بنایا جائے گا۔ انھوں نے ’اسٹڈی اِن انڈیا‘ منصوبہ شروع کیے جانے کی تجویز بھی پیش کی جس کے تحت ہندوستان میں بیرون ممالک کے طلبا کو سہولتیں مہیا کرائی جائیں گی۔ اعلیٰ تعلیمی اداروں کو مرکزی حکومت کے ذریعہ 400 کروڑ روپے کی مدد دیے جانے کی بات بھی مرکزی وزیر مالیات نے کی۔ ایک کروڑ طلبا کے لیے ’اسکل یوجنا‘ لائے جانے اور اسٹارٹ اَپ کے لیے ٹی وی چینل بھی مرکزی حکومت کھولے گی۔ تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے نرملا سیتارمن نے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ پر زور دیا اور تعلیم میں آن لائن کورس بڑھانے کی طرف زیادہ توجہ دیے جانے کی بات کہی۔

’اَن داتا‘ یعنی کسانوں کو ’اورجا داتا‘ یعنی بجلی پیدا کرنے کا ذریعہ بنایا جائے گا: سیتارمن

نرملا سیتا رمن نے ’پردھان منتری آواس یوجنا‘ کے تحت پانچ سال میں ڈیڑھ کروڑ گھر تعمیر ہونے کی بات کہی اور اعلان کیا کہ آئندہ دو سال میں 1.95 کروڑ نئے گھر بنائے جانے کا منصوبہ ہے۔ انھوں نے ’پردھان منتری سڑک یوجنا‘ کے تحت گرین ٹیکنالوجی کے استعمال کی بات کہی تاکہ ماحولیات پر کوئی منفی اثر نہ پڑے۔ ساتھ ہی مرکزی وزیر مالیات نے ایک لاکھ کلو میٹر سڑکوں کو بہتر بنائے جانے کی بات کہی۔ بجلی اور گیس کے تعلق سے بات کرتے ہوئے نرملا سیتارمن نے کہا کہ 2022 تک ہر فیملی کو بجلی اور گیس دستیاب کرایا جائے گا اور ’اَن داتا‘ یعنی کسانوں کو ’اورجا داتا‘ یعنی بجلی پیدا کرنے کا ذریعہ بنایا جائے گا اور اس کے لیے کئی طرح کے منصوبے تیار کیے گئے ہیں۔

آئندہ پانچ سال میں کام میں تیزی لائی جائے گی اور معیشت کو مضبوط بنایا جائے گا: سیتا رمن

مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتا رمن نے اپنی بجٹ تقریر کے دوران آئندہ 5 سال میں کام میں تیزی لانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ لال فیتہ شاہی کو کم کیا جائے گا اور سرکاری عمل کو آسان بنایا جائے گا تاکہ کام تیزی سے آگے بڑھے۔ سیتارمن نے مزید کہا کہ موجودہ وقت میں ہندوستان دنیا کی چھٹی سب سے بڑی معیشت ہے اور 5 سال میں ہندوستان کی معیشت 2.7 ٹریلین ڈالر کی ہو گئی ہے۔

ہندوستانی معیشت کو مزید مضبوط کرنے کے لیے نرملا سیتارمن نے بنیادی سہولیات اور انفراسٹرکچر پر دھیان دیے جانے کی بات کہی، ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ’بزنس کاریڈور‘ کی وجہ سے ہندوستانی عوام کو فائدہ حاصل ہوا ہے۔ آبی راستہ سے تجارت کے سہل ہونے کی بات بھی مرکزی وزیر مالیات نے کہی۔


نرملا سیتارمن کی بجٹ تقریر لوک سبھا میں شروع، پڑھا اردو شعر

مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتا رمن نے لوک سبھا میں اپنی بجٹ تقریر شروع کر دی ہے۔ اپنے بجٹ کے دوران انھوں نے ہندوستان کو مضبوط بنانے کا عہد کیا اور کہا کہ ہندوستان مضبوط تبھی بنے گا جب ہندوستان کے شہری مضبوط ہوں گے۔ اپنی تقریر کے دوران انھوں نے اردو کا ایک شعر بھی پڑھا جو اس طرح ہے:

یقین ہو تو کوئی راستہ نکلتا ہے

ہوا کی اوٹ لے کر بھی چراغ جلتا ہے


کابینہ میٹنگ میں بجٹ کو ملی منظوری، تھوڑی دیر میں نرملا سیتارمن لوک سبھا میں پیش کریں گی بجٹ تقریر


نرملا سیتارمن پارلیمنٹ پہنچیں، کابینہ میٹنگ شروع

صدر جمہوریہ سے ملاقات کے بعد وزیر مالیات سیتارمن پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئی ہیں۔ اس وقت کابینہ میٹنگ جاری ہے جہاں بجٹ کو منظوری دی جائے گی۔ بعد ازاں 11 بجے مرکزی وزیر مالیات لوک سبھا میں اپنا بجٹ پیش کریں گی۔


صدر جمہوریہ نے بجٹ پر لگائی مہر

لوک سبھا میں بجٹ پیش کرنے سے پہلے وزیر مالیات نرملا سیتارمن نے صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ صدر جمہوریہ نے بجٹ پر مہر لگا دی ہے۔ لوک سبھا میں 11 بجے نرملا سیتارمن بجٹ پیش کریں گی۔


مودی حکومت کے دوسرے دور میں آج اپنا پہلا بجٹ پیش کریں گی نرملا سیتا رمن

مودی حکومت کے دوسرے دور میں وزارت مالیات کی ذمہ داری نرملا سیتارمن کے ہاتھوں میں سونپی گئی ہے اور وہ آج اپنا پہلا بجٹ پیش کرنے والی ہیں۔ بجٹ میں سرکاری خزانہ کو قابو میں رکھنے کے ساتھ اقتصادی ترقی اور روزگار کو رفتار دینے پر حکومت کا زور رہ سکتا ہے۔ کچھ میڈیا ذرائع کے مطابق سرکاری خزانہ کی حالت مضبوط کرنے کے لیے ٹیکس کا دائرہ بڑھانے اور اس کے حصول کو بہتر کرنے کے ارادے سے 10 کروڑ روپے سے زیادہ کمانے والوں پر 40 فیصد کی ایک نئی شرح سے ٹیکس لگایا جا سکتا ہے۔ ملازمت پیشہ لوگوں کے لیے اہمیت کے حامل انکم ٹیکس کے محاذ پر ٹیکس سلیب میں تبدیلی کی امید کی جا رہی ہے۔ 20-2019 کے عبوری بجٹ میں 5 لاکھ روپے تک کی آمدنی پر ٹیکس چھوٹ دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔ فی الحال 2.5 لاکھ روپے سے 5 لاکھ روپے کی آمدنی پر 5 فیصد، 5 لاکھ روپے سے 10 لاکھ روپے تک کی آمدنی پر 20 فیصد اور 10 لاکھ روپے سے اوپر کی آمدنی پر ٹیکس کی شرح 30 فیصد ہے۔

یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading