ناندیڑ: 5؍مئی :ناندیڑ کے جواں سال صحافی اور یوٹیوب چینل ’’میری آوازنیوز‘‘کے ایڈیٹر مبین کامرانی کا پیر کی شب انتقال ہوگیا۔ وہ طویل عرصہ سے کینسر جیسے مہلک مرض میں مبتلا تھے اور گزشتہ کئی ماہ سے زیرِ علاج تھے۔
مرحوم کا علاج ناندیڑ، حیدرآباد اور ممبئی کے مختلف اسپتالوں میں کروایا گیا، تاہم مرض میں خاطر خواہ بہتری نہ آسکی۔ پچھلے تین تاچار دنوں سے وہ ناندیڑ کے شواس ہاسپٹل میں زیرِ علاج تھے، جہاں وہ وینٹی لیٹر پر تھے۔ بالآخر پیر 5؍ مئی کی شب تقریباً گیارہ بجے کے قریب انہوں نے داعی اجل کو لبیک کہا۔
مرحوم نے ’’میری آوازنیوز‘‘ یوٹیوب چینل کے ذریعے کم وقت میں صحافت کے میدان میں اپنی منفرد پہچان بنائی تھی۔ ان کے انتقال سے ناندیڑ کی صحافتی برادری میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔نمازِ جنازہ کل بروز منگل کوبعد نماز عصر مسجد بڑی درگاہ گاڑی پورہ ناندیڑمیںادا کی جائے گی اور تدفین بھی سی سے متصل قبرستان میں عمل میں آئے گی۔
پسماندگان میں تین لڑکیاں، دو بیٹے ،زوجہ، والدین ، پانچ بھائی دوبہنیں وغیرہ شامل ہیں۔اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، ان کی لغزشوں کو معاف کرے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ قارئین سے گزارش ہے کہ مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور ایصالِ ثواب کریں۔