ایڈیٹر”ورق ِتازہ“ محمد نقی شاداب کوحکومت مہاراشٹر کا ریاستی ”مولانا ابوالکلام آزاد “ایوارڈ: 27جولائی کو ممبئی میں وزیراعلیٰ دیویندر پھڑنویس کے ہاتھوں ایوارڈ تفویض

ناندیڑ:16جولائی۔(ورق تازہ نیوز)ناندیڑسے شائع ہونے والے روزنامہ ”ورقِ تازہ“ کے ایڈیٹر محمدنقی (شاداب) کو اُن کی صحافتی ‘سماجی اور اردو خدمات کے اعتراف میں سال 2018ءکےلئے حکومت مہاراشٹر کی جانب سے ریاستی سطح کے” مولانا ابوالکلام آزاد“ صحافتی ایوارڈ کے اعزاز سے نوازنے کااعلان کیاگیا ہے ۔

ایڈیٹر محمد نقی شاداب

ایوارڈ 51ہزار روپے نقد ‘میمنٹو اورتوصیفی سند پرمشتمل ہے۔ حکومت مہاراشٹر کے محکمہ اطلاعات ورابطہ عامہ کے ڈائریکٹر برائے اطلاعات ‘خبراور رابطہ عامہ ممبئی ‘جناب سریش واندیلے نے اپنے مراسلہ نمبر ڈائریکٹر(انفارمیشن)(خبر) 2019 /1001 مورخہ16 جولائی 2019 نے محمدنقی محمدتقی کو یہ خوشخبری دیتے ہوئے انھیں تہہ دل سے مبارکباد پیش کی ہے۔انھوں نے بتایا کہ یہ ایوارڈ 27جولائی 2019ء بروزہفتہ شام چار بجے ‘ نزد منترالیہ یشونت راو چوہان پرتشٹھان ‘ممبئی میں منعقدہ شاندار تہنیتی تقریب میں مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ عزت مآب عالی جناب دیویندر پھڑنویس کے ہاتھوں پیش کیا جائے گا۔

”ورق تازہ“ کے مدیران کو دیاجانے والا یہ چوتھا ایوارڈ ہے ۔ سب سے پہلے روزنامہ ورق تازہ( پربھنی ایڈیشن) کے ایڈیٹر جناب محمدتقی کوسال 2003 کیلئے مہاراشٹر اسٹیٹ اردوساہتیہ اکیڈیمی ممبئی کی جانب سے ریاستی ”عزیز خسرو “صحافتی ایوارڈ اور حکومت مہاراشٹر کے محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ ‘ممبئی کی جانب سے سال 2005 کےلئے ریاستی ”مولانا ابوالکلام آزاد“ ایوارڈ سے نوازا گیا تھا ۔ اس کے علاوہ”ورق ِتازہ“ ناندیڑ ایڈیشن کے مدیر محمدنقی شاداب کو مہاراشٹراسٹیٹ اردوساہتیہ اکیڈیمی ممبئی نے سال 2010 کےلئے ریاستی” ہارون رشید علیگ“ صحافتی ایوارڈ دیاتھا ۔ ان ایوارڈس کے علاوہ دونوں مدیران کو مختلف سماجی‘ ادبی ‘ مذہبی اورصحافتی تنظیموں کی جانب سے کئی اعزازات و ایوارڈ سے بھی نوازاگیا ہے۔

یکم مئی 2019 کواخبار نے اپنی صحافتی زندگی کے 25سال مکمل کئے ہیں چنانچہ گزشتہ ایک سال یکم مئی 2018ءتا یکم مئی 2019ءسلور جوبلی تقاریب منائی گئیں جن کے تحت مختلف ادبی ‘سماجی‘صحافتی کامیاب پروگرام منعقد کئے گئے ہیں جنہیں عوام کابھرپور تعاون حاصل رہا ۔

25 جولائی 2018ءکو شاندار پیمانے پرافتتاحی تقریب کاانعقاد عمل میں آیاتھا۔جن میں سیاسی قائدین ‘صحافی‘ادبی سماجی اور مذہبی شخصیات نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی تھی ۔26 اگست 2018ء سے ”ورق تازہ“ کا اردو نیوز پورٹل (ویب سائٹ waraquetaza.com) شروع کیاگیا ہے جس کے اب تک 20لاکھ کے قریب ناظرین ہیں ۔ویب سائٹ پر گوگل Adsense کمپنی کے عالمی اورقومی سطح کی کمپنیوں کے اشتہارات بھی پابندی سے شائع ہورہے ہیں ۔اخبار کے ناندیڑ اور پربھنی کے ایڈیشن پابندی سے مسلسل شائع ہورہے ہیں۔ محمدنقی شاداب کوایوارڈ ملنے پر عزیز و اقارب‘ افراد خاندان میں خوشی کااظہار کیاجارہا ہے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading