ایودھیا اپیل و تبصرہ LIVE: سپریم کورٹ کے فیصلے کی ہم سبھی کو عزت کرنی چاہیے… راہل

عدالت کے فیصلے کی ہم سبھی کو عزت کرنی چاہیے: راہل گاندھی

ایودھیا معاملہ پر فیصلہ آنے کے بعد کانگریس لیڈر اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے بھی اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’سپریم کورٹ نے ایودھیا ایشو پر اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔ عدالت کے اس فیصلے کی ہمیں عزت کرنی چاہیے اور ہم سب کو آپسی خیر سگالی برقرار رکھنا ہے۔ یہ وقت ہم سبھی ہندوستانیوں کے بیچ بھائی چارہ، یقین اور محبت کو فروغ دینے کا ہے۔‘‘


اسدالدین اویسی نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر مایوس کا کیا اظہار

اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اور رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے ملک ہندو راشٹر کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے ایک ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پانچ ایکڑ زمین جو دینے کی بات کہی گئی ہے، اسے لینے سے انکار کر دیا جانا چاہیے کیونکہ پانچ ایکڑ زمین خریدنے کی قوت وہ رکھتے ہیں۔

تاریخی فیصلہ کے بعد جلد ہوگی رام مندر کی تعمیر: بابا رام دیو

یوگ گرو بابا رام دیو نے ایودھیا اراضی تنازعہ پر سپریم کورٹ کے فیصلہ کو تاریخی قرار دیا اور کہا کہ اب ایک عظیم الشان رام مندر کی تعمیر ہوگی۔ بابا رام دیو نے مسلمانوں کو متبادل زمین دینے کے فیصلہ کا بھی استقبال کیا ہے اور کہا ہے کہ مسلم بھائیوں کو چاہیے کہ رام مندر کی تعمیر میں تعاون کریں اور ہندو بھائی بھی مسجد کی تعمیر میں مسلمانوں کی ہر طرح سے مدد کریں۔


ہماری 67 ایکڑ زمین لینے کے بعد 5 ایکڑ دے رہے ہیں، یہ کہاں کا انصاف ہے: کمال فاروقی

آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے رکن کمال فاروقی نے سپریم کورٹ کے فیصلہ پر اپنی مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’اس کے بدلے ہمیں 100 ایکڑ زمین بھی دے تو کوئی فائدہ نہیں ہے۔ ہماری 67 ایکڑ زمین پہلے سے ہی لی ہوئی ہے تو ہم کو عطیہ میں کیا دے رہے ہیں وہ؟ ہماری 67 ایکڑ زمین لینے کے بعد 5 ایکڑ دے رہے ہیں۔ یہ کہاں کا انصاف ہے؟‘‘


سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی ثابت ہوگا: امت شاہ

مرکزی وزیر برائے داخلہ امت شاہ نے سپریم کورٹ کے ذریعہ ایودھیا معاملہ پر فیصلہ سنائے جانے کے بعد اپنا رد عمل ٹوئٹر کے ذریعہ ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’مجھے پورا یقین ہے کہ سپریم کورٹ کے ذریعہ سنایا گیا تاریخی فیصلہ اپنے آپ میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ یہ فیصلہ ہندوستان کے اتحاد، یکجہتی اور عظیم الشان ثقافت کو مزید طاقت عطا کرے گا۔‘‘


میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کرتا ہوں: اقبال انصاری

ایودھیا تنازعہ پر فیصلہ آنے کے بعد مسلم پیروکار اقبال انصاری نے اپنا پہلا رد عمل میڈیا کے سامنے پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’مجھے خوشی ہے کہ سپریم کورٹ نے آخر کار اس معاملے پر اپنا فیصلہ سنا دیا۔ میں عدالت کے اس فیصلے کا احترام کرتا ہوں۔‘‘


سپریم کورٹ کے فیصلہ نے ملک کو اتحاد و یکجہتی کا پیغام دیا: ہندو مہاسبھا وکیل

ہندو مہاسبھا کے وکیل ورون کمار سنہا نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کا ایودھیا اراضی سے متعلق فیصلہ تاریخی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس فیصلہ کے ساتھ سپریم کورٹ نے ملک کو اتحاد اور یکجہتی کا پیغام دیا ہے۔


ہم سب کو سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کرنا چاہیے… ادھیر رنجن چودھری

لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے کہا، ’’ہم امن بنائے رکھنے پر یقین رکھتے ہیں، میں امن کا پجاری ہوں، ہم سب کو سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کرنا چاہیے۔


چیف جسٹس رنجن گگوئی نے کی امن کا ماحول قائم رکھنے کی اپیل

چیف جسٹس رنجن گگوئی نے امن کا ماحول قائم کرنے کی لوگوں سے اپیل کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ کوئی بھی مشتعل نہ ہو اور کسی بھی طرح کا ہنگامہ نہ کرے۔

مندر، مسجد، گرودوارے، گرجاگھر سب انسانیت کی راہ بتانے کے لیے ہیں: راج ببر

کانگریس لیڈر راج ببر نے ایودھیا پر فیصلہ آنے سے قبل ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں عوام سے ملک کی اتحاد و سالمیت کو قائم رکھنے کی گزارش کی ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’مندر، مسجد، گرودوارے، گرجا گھر – سب انسانیت کی راہ بتانے کے لیے ہیں۔ عدالتیں اسی انسانیت میں ہمارے یقین اور حوصلے کو قائم رکھتی ہیں۔ آئیے سب کو محفوظ رکھنے اور ملک کے اتحاد کو قائم رکھنے کے جذبے کے ساتھ فیصلے کا استقبال کریں۔‘‘


آج جو فیصلہ آئے گا سا سے پورا تنازعہ ختم ہو جائے گا: نرموہی اکھاڑا کے وکیل

ایودھیا اراضی تنازعہ پر فیصلہ سے پہلے نرموہی اکھاڑا کے وکیل ترون جیت ورما نے کہا کہ 491 سال بعد اس طرح کا فیصلہ آ رہا ہے جو ہندوستان کو جوڑنے کا کام کرے گا۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ آج جو بھی فیصلہ آئے گا اس سے پورا تنازعہ ختم ہو جائے گا۔

یہ مہاتما گاندھی کا ملک ہے، امن اور عدم تشدد کے پیغام پر قائم رہنا ہماری ذمہ داری: پرینکا گاندھی

ایودھیا اراضی تنازعہ پر فیصلہ آنے سے پہلے کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے لوگوں سے امن قائم رکھنے کی اپیل کی ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ کر کے کہا ہے کہ ’’جیسا کہ آپ سب کو پتہ ہے، ایودھیا معاملے پر آج سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے والا ہے۔ اس مشکل وقت میں عدالت کا جو بھی فیصلہ ہو، ملک کے اتحاد، سماجی خیر سگالی اور آپسی محبت کی ہزاروں سال پرانی روایت کو بنائے رکھنے کی ذمہ داری ہم سب کی ہے۔ یہ مہاتما گاندھی کا ملک ہے۔ امن و عدم تشدد کے پیغام پر قائم رہنا ہماری ذمہ داری ہے۔‘‘


یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading