ہندوستان میں اس وقت بے روزگاری اپنے پیر پسار رہی ہے اور معاشی بحران اپنا سینہ تانے ہے۔ مودی حکومت نے روزگار کے جو بھی دعوے کیے تھے وہ سب فلاپ ہوتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ اس درمیان لارسین اینڈ ٹوبرو لمیٹڈ (ایل اینڈ ٹی) کے چیئرمین اور نیشنل اسکل ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے سربراہ اے ایم نائک کا بڑا بیان سامنے آیا ہے۔ انھوں نے مودی حکومت کے شہرت یافتہ منصوبہ ’میک اِن انڈیا‘ کو ناکام ٹھہراتے ہوئے کہا کہ اس سے ملازمتیں پیدا نہیں ہو پائی ہیں۔نائک نے اس منصوبہ کو ناکام ہونے کی ایک بڑی وجہ یہ بتائی کہ کمپنیاں ملک میں بنے مال کی جگہ بیرون ممالک سے مال درآمد کرنے کو زیادہ ترجیح دے رہی ہیں۔
اے ایم نائک نے یہ بات ’لائیو منٹ‘ کے ساتھ ایک بات چیت کے دوران کہی۔ انھوں نے بتایا کہ وزیر اعظم مودی کی ’میک ان انڈیا‘ اسکیم کے بارے میں بہت کچھ کہا گیا اور کیا بھی گیا، لیکن ہم اب بھی سامانوں کی برآمدگی کی جگہ ملازمتیں برآمد کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی نائک نے کہا کہ بیرون ممالک سے سامانوں کی درآمدگی کرانے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ بیرون ممالک سے سامان اُدھار میں مل جاتا ہے جب کہ ملک کی کمپنیوں کے پاس فائنانس کے زیادہ متبادل نہیں ہیں۔ ایسے ماحول میں وہ اُدھار سامان نہیں دے پاتی ہیں اور اس کے سبب کمپنیاں بیرون ممالک سے سامان منگوانا زیادہ پسند کرتی ہیں۔
ایل اینڈ ٹی کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ ابھی ہم اسکلڈ یعنی ہنر مند لیبر کی سپلائی کے ساتھ قدم تال نہیں ملا پا رہے ہیں اور اس کی وجہ مینوفیکچرنگ سیکٹر میں آئی کمزوری ہے۔ نائک کا کہنا ہے کہ ہمیں چین کی طرح تیز ترقی کرنی ہوگی کیونکہ ہماری آبادی چین کے تقریباً برابر ہی ہے۔
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-
