نئی دہلی: ایئر انڈیا نے جموں و کشمیر کی موسم گرما کی راجدھانی سری نگر سے آنے اور وہاں تک جانے والی پروازوں کا زیادہ سے زیادہ کرایہ طے کر دیا ہے۔ سرکاری طیارہ خدمات کمپنی ایئر انڈیا نے جموں و کشمیر کی صورتحال کے پیش نظر ملک کے کسی بھی حصے سے سری نگر آنے والی پروازوں اور وہاں سے جانے والی پروازوں کا کرایہ زیادہ سے زیادہ 9500 روپے طے کردیا ہے اگرچہ سری نگر سے دلی آنے کے لئے 6715 اور دلی سے سری نگر کے لئے 6899 روپے زیادہ سے زیادہ مقرر کیا گیا ہے۔
ایئر انڈیا کے ترجمان دھننجے کمار نے بتایا کہ سری نگر سے ملک کے کسی بھی شہر کے لئے زیادہ سے زیادہ کرایا 9500 روپے ہوگا وہیں راجدھانی دلی کے لئے یہ کرایہ 6715 روپے ہوگا۔ یہ انتظام 15 اگست تک کے لئے کیے گیے۔ واضح رہے کہ ایئر لائن نے 15 اگست تک سری نگر جانے یا آنے والی پروازوں کے ٹکٹ منسوخ کرانے یا ان کی تاریخ میں تبدیلی کی فیس پہلے ہی معاف کردی ہے۔
دہشت گردانہ حملوں کے خدشے کی خفیہ اطلاعات کے پیش نظر ریاستی انتظامیہ نے سبھی سیاحوں اور عقیدت مندوں کو جلد سے جلد وادی کشمیر چھوڑنے کی صلاح دی ہے۔ اس وجہ سے ہوائی اڈے پر مسافروں کی کافی بھیڑ جمع ہوگئی ہے اور ٹکٹوں کی قیمتیں آسمان چھونے لگی ہیں۔ سنیچر کو 6216 مسافروں کو سری نگر ہوائی اڈے سے نکالا گیا تھا جن میں سے 387 مسافروں کو فضائیہ کے چار طیاروں کے ذریعہ جموں، پٹھان کوٹ اور ہنڈن بھیجا گیا تھا جبکہ دیگر مسافروں کو طیارہ خدمات کمپنیوں کی 32 پروازوں سے لے جایا گیا تھا۔
شہری ہوا بازی کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے سنیچر کی شام طیارہ خدمات کمپنیوں کو احکام جاری کیے تھے کہ وہ سری نگر سے جانے والی پروازوں کے کرائے میں تیزی سے ہو رہے اضافے کو قابو میں رکھیں۔
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-
