اہم خبر: مظفر نگر میں شدید بارش کے سبب مکان منہدم، 3 مسلم بچیوں کی موت

اتر پردیش: مظفر نگر میں شدید بارش کے سبب مکان منہدم، 3 بچیوں کی موت

مظفر نگر: اترپردیش کے ضلع مظفر نگر کے سکھیرا گاؤں میں پیر کی صبح شدید بارش کی وجہ سے ایک مکان چھت منہدم ہوگیا۔اس حادثے میں تین بچوں کی دب کر موت ہوگئی جبکہ ان کے والد شدید طور سے زخمی ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب پورا کنبہ سورہا تھا اور اچانک ان کے کمرے کی چھت منہدم ہوگئی۔حادثے میں بچوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ ان کے والد شدید طور سے زخمی ہوگئے انہیں علاج کے لئے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ تاہم ماں اور دیگر بچے بحفاظت بچ گئے کیونکہ جس وقت یہ حادثہ پیش آیا اس وقت وہ باورچی خانے میں تھے۔مرنے والے بچوں کی شناخت جنید(11)،نازیہ(09) اور سابیہ(07) کے طور پر ہوئی ہے۔

شیئر بازار میں زبردست گراوٹ، سنسیکس 700 اور نفٹی 200 پوائنٹ نیچے

ممبئی: عام بجٹ کے بعد پیر کے روز شیئر بازار کھلنے پر زبردست فروخت کے دباؤ سے افرا تفری مچ گئی۔ ممبئی شیئر بازار کا سنسکس انڈیکس 700 اور نیشنل اسٹاک ایکسچنج کے نفٹی میں 212 پوائنٹ سے زیادہ کی گراوٹ ریکارڈ کی گئی۔ وزیر مالیات نرملا سیتا رمن نے پانچ جولائی کو پارلیمنٹ میں نریندر مودی حکومت کے دوسرے دور کا پہلا بجٹ پیش کیا تھا۔ سنیچر اور اتوار کو شیئر بازار بند ہونے کے بعد آج پہلی بار کھلے۔ دوپہر کے کاروبار میں فی الحال سینسیکس جمعہ کے مقابلے میں 685.73 پوائنٹ یعنی 1.74 فیصد نیچے ہے۔ نفٹی 11593.55 پوائنٹ پر 1.94 فیصد یعنی 217.60 پوائنٹ نیچے ہے۔

کرناٹک: کماراسوامی حکومت کے 21 کانگریسی وزراء نے اپنی خوشی سے دیا استعفیٰ

کرناٹک حکومت اس وقت بحرانی حالات کا سامنا کر رہی ہے۔ اس درمیان اس بحران سے نکلنے کے لیے کمارا سوامی حکومت میں 21 کانگریس وزراء نے اپنی خوشی سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ اس بات کی جانکاری کانگریس کے سینئر لیڈر سدارمیا نے میڈیا کو دی۔


گرم صبح کے ساتھ ہوئی دہلی کی صبح، درجہ حرارت 28.6 ڈگری

نئی دہلی: دلی والوں کی نیند پیر کی صبح گرمی کے احساس سے کھلی۔ کم از کم درجہ حرارت معمول سے ایک ڈگری یعنی 28.6 ڈگری سیلسیس سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ صبح ساڑھے آٹھ بجے رطوبت کی سطح 68 فیصد رہی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آسمان پر بادل چھائے رہیں گے اور دن میں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔ دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سیلسیس کے نزدیک رہنے کا امکان ہے۔ اتوار کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35.8 ڈگری سیلسیس رہا جو معمول سے ایک ڈگری کم تھا۔

طرابلس ہوائی اڈے پر ہتھ گولے سے حملہ، تین زخمی

طرابلس: لیبیا کی راجدھانی طرابلس میں مٹیگا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ہتھ گولوں سے حملہ کیا گیا جس سے تین ملازمین زخمی ہوگئے اور ایک طیارے کو نقصان پہنچا۔ یہ واقعہ اتوار کے روز پیش آیا۔ حملہ کرنے والوں کے بارے میں ابھی کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے۔ انتظامیہ نے حملے کے سبب کچھ گھنٹوں کے لئے ہوائی اڈے سے پروازیں روک دی تھیں۔ کسی نے بھی ابھی تک اس حملے کی ذمہ داری نہیں لی ہے۔ مٹیگا بین الاقوامی ہوائی اڈہ طرابلس کے مرکزی شہر سے تقریباً 8 کلومیٹر دور مشرق میں واقعہ ہے۔

آگرہ میں خوفناک سڑک حادثہ، بس میں سوار 29 افراد کی موت

آگرہ / لکھنؤ: اترپردیش کے آگرہ میں پیر کی صبح لکھنؤ سے دہلی جا رہی ڈبل ڈیکر بس کے جمنا ایکسپریس وے پر ایک گہرے نالے میں گرنے سے 29 افراد کی موت ہوگئی۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے حادثہ پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ریلیف اور ریسکیو آپریشن کے حکام کو ہدایات دی ہیں۔


سینئر پولس سپرنٹنڈنٹ ببلو کمار نے بتایا کہ لکھنؤ سے دہلی جا رہی ڈبل ڈیکر بس جمنا ایکسپریس وے پر نالے میں گر گئی، انہوں نے بتایا کہ ریسکیو اور ریلیف کا کام کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق ابھی تک 29 لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مرنے والوں کی تعداد بڑھ بھی سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 15 سے 20 زخمیوں کو بس سے نکال کر اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ زخمیوں میں کچھ کی حالت نازک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مرنے والوں کی شناخت کرائی جا رہی ہے۔ حادثہ کا شکار بس کو کرین کی مدد سے باہر نکالا جا رہا ہے۔

یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading