اہم خبر: مظفرپور شیلٹر ہوم، تفتیش 3 مہینے میں پوری کرنے کی سپریم کورٹ کی ہدایت

شیلٹر ہوم معاملہ کی تفتیش 3 مہینے میں پوری کرے سی بی آئی، سپریم کورٹ

بہار کے مظفرپور شیلٹر ہوم معاملہ کی پیر کے روز سپریم میں سماعت ہوئی۔ سپریم کورٹ نے سی بی آئی کو اگلے تین مہینے میں تفتیش مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ سی بی آئی نے جانچ کے لئے 6 مہینے کی مدت طلب کی تھی۔

اس زیر بحث شیلٹر ہوم معاملہ میں سپریم کورٹ نے سی بی آئی سے اسٹیٹس رپورٹ پیش کرنے کے لئے وقت دیا تھا۔ کورٹ نے سی بی آئی سے کہا کہ اگلے دو ہفتوں کے اندر اسٹیٹس رپورٹ پیش کی جائے۔ واضح رہے، سی بی آئی کی جانب سے سپریم کورٹ میں داخل حلف نامہ سے کئی حیران کن انکشافات ہوئے تھے۔

سی بی آئی نے سپریم کورٹ میں داخل اپنے حلف نامہ میں کہا تھا کہ مظفر پور شیلٹر ہوم سے لاپتہ ہونے والی 11 لڑکیوں کو قتل کر دیا گیا ہے۔ سی بی آئی کے مطابق کلیدی ملزم برجیش ٹھاکر نے اپنے معاونین کے ہمراہ اس قتل عام کو انجام دیا ہے۔ سی بی آئی نے ملزمان سے پوچھ گچھ کے بعد ان کے بتائے مقام سے ہڈیوں کی گٹھری بھی برآمد کی تھی۔

متھرا میں جمنا ایکسپریس وے پر بس پلٹنے سے چار افرادکی موت

متھرا: اترپردیش میں ضلع متھراکے بلدیو علاقے میں جمنا ایکسپریس وے پر تیز رفتار ڈبل ڈیكر بس کے پلٹ جانے سے اس میں سوار چار افراد کی موت ہو گئی جبکہ 21 مسافر شدید زخمی ہو گئے۔

سینئر پولس سپرنٹنڈنٹ ستيارتھ انرودھ پنکج نے پیر کو یہاں یہ اطلا ع دی۔ انہوں نے بتایا کہ دہلی کے نندنگري سے ایک پرائیویٹ ڈبل ڈیكر بس آگرہ کی طرف آج رہی تھی۔ جمنا ایکسپریس وے پر بلدیو علاقے میں رات تقریبا 12 بجے گڑھ سولي کے نزدیک بے قابو ہوکر ڈیوائیڈر سے ٹکراکر پلٹ گئی۔

اس حادثے میں دو خواتین سمیت چار افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ تقریبا 21 افراد زخمی ہو گئے۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو آگرہ کے یشونت اسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے۔ مرنے والوں کی شناخت کی جا رہی ہے۔ زخمیوں میں کچھ کی حالت نازک ہے ۔حادثے کی وجہ سے کچھ دیر تک ٹریفک متاثر رہی۔ تباہ شدہ بس کو ہٹانے کے بعد ٹریفک کو بحال کیا گیا۔

شوپیاں شوٹ آوٹ میں دو مشتبہ ملی ٹینٹ ہلاک

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے مولو چھترا گام میں گزشتہ رات دیر گئے جنگجوئوں اور فورسز کے درمیان ہونے والے شوٹ آوٹ میں دو جنگجو مارے گئے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ فوج کی 44 راشٹریہ رائفلز نے شوپیاں کے مولو چھترا گام میں ایک ناکہ بٹھایا تھا۔ جب ناکے پر ایک نجی گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو اس میں موجود جنگجوئوں نے فائرنگ کی۔ انہوں نے بتایا کہ طرفین کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو مشتبہ جنگجو مارے گئے جن کی شناخت اور تنظیمی وابستگی معمول کی جارہی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ مشتبہ جنگجوئوں کی لاشیں ڈسٹرکٹ پولیس لائنز شوپیاں منتقل کی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شوٹ آوٹ کے مقام سے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق مولو چھترا گام میں مختصر تصادم کے بعد وہاں مقامی لوگ بالخصوص نوجوان سڑکوں پر نکل آئے اور فورسز پر پتھرائو کرنے لگے۔ فورسز نے احتجاجیوں کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کے گولے داغے۔ انتظامیہ نے احتیاط کے طور پر ضلع شوپیاں میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کرادی ہیں۔

خواتین کو بس اور میٹرو میں مفت سفر کی سوغات، آج اعلان کریں گے کیجریوال

دہلی میں آئندہ سال کے اوائل میں ہونے جا رہے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر عام آدمی پارٹی ایک اہم اعلان کرنے جا رہی ہے۔ دہلی حکومت خواتین کو میٹرو اور ڈی ٹی سی بسوں میں مفت سفر کا تحفہ دے گی۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال آج دوپہر کو باضابطہ طور پر اس کا اعلان کریں گے۔

دہلی حکوومت دہلی میٹرو اور ڈی ٹی سی بسوں میں خواتین کو کرایہ سے نجات دلانے کے لئے مفت سفر کی سوغات دیگی جس سے انہیں عوامی ٹرانسپورٹ کے استعمال کی طرف راغب کیا جا سکے۔ خواتین کو مفت سفر دینے میں ڈی ایم آر سی کو ہونے والے نقصان کو دہلی حکومت برداشت کرے گی۔

بسوں اور میٹروں میں کل 33 فیصد تک خواتین ہوتی ہیں اس کے مطابق میٹرو میں خواتین کے مفت سفر پر تقریباً ایک ہزار کروڑ کا سالانہ خرچ ہوگا جبکہ تقریباً 200 کروڑ روپے کا خرچ بسوں کے حوالہ سے حکومت پر ہوگا۔ ایک اندازے کے مطابق خواتین کے دہلی میٹرو اور ڈی ٹی سی بسوں میں اس منصوبے کو لاگو کرنے میں حکومت ہر 1200 کروڑ روپے سالانہ کا بوجھ پڑے گا۔

دہلی حکومت نے اس منصوبے کو لاگو کرنے سے قبل دہلی میٹرو ریل کارپوریشن کے افسران کے ساتھ میٹنگ کی اور ان سے پوچھا کہ اس منصوبہ کو کس طرح لاگو کیا جا سکتا ہے۔ اس کے لئے مفت پاس یا پھر کوئی دیگر متبادل متعارف کرایا جا سکتا ہے۔

Source بشکریہ قومی آواز بیورو—

Leave a comment