اہم خبر: تاجروں کا خودکشی کرنا یا ہندوستان چھوڑنا ملک کے لیے خطرناک… ممتا بنرجی

تاجر یا تو ملک چھوڑ رہے ہیں یا خودکشی کر رہے ہیں: ممتا بنرجی

تاجروں اور صنعت کاروں کے ذریعہ خودکشی کیے جانے یا پھر ہندوستان چھوڑ کر دوسرے ملک میں قیام کرنے کی خبروں پر مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے سوال کیا ہے کہ اگر سبھی صنعت کار اس طرح ملک چھوڑ دیتے ہیں یا خودکشی کر لیتے ہیں تو کیا آپ کو نہیں لگتا کہ یہ ملک کے لیے ایک خطرناک اشارہ ہے؟ میں آج افسردہ محسوس کر رہی ہوں کیونکہ یہ صنعت یا زراعت کا مستقبل نہیں ہونا چاہیے۔


اناؤ عصمت دری: کلدیپ سینگر نے ہی کرایا حادثہ، میرے پاس ثبوت موجود، متاثرہ کے چچا کا دعویٰ

اناؤ عصمت دری واقعہ کی متاثرہ کی چچی کی آخری رسومات ادا ہو گئی ہیں۔ آخری رسوم ادا کرنے کے بعد متاثرہ کے چچا نے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس اس بات کے ثبوت موجود ہیں کہ حادثہ بی جے پی رکن اسمبلی کلدیپ سینگر نے ہی کرایا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس لڑائی میں ہم پوری مضبوطی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انصاف کی لڑائی میں پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ رکن اسمبلی کلدیپ سنگھ سینگر سمیت سبھی ملزمین کو سزا دلا کر ہی دم لیں گے۔


کیرالہ کے تریشور میں یوتھ کانگریس کارکن نوشاد کا پیٹ پیٹ کر قتل

کیرالہ کے تریشور میں یوتھ کانگریس کارکن کے پیٹ پیٹ کر قتل کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ حملہ کرنے والوں کی تعداد 8 تھی۔ کانگریس کارکن کا نام نوشاد بتایا جا رہا ہے اور اس کی عمر 43 سال تھی۔ نوشاد کا قتل تریشور کے چوکّڈ میں گزشتہ شب ہوا۔


اعظم خان کے بیٹے عبداللہ خان کو پولس نے حراست میں لیا

سماجوادی پارٹی لیڈر اعظم خان کے رکن اسمبلی بیٹے عبداللہ اعظم خان کو پولس نے حراست میں لے لیا ہے۔ عبداللہ اعظم خان پر غلط اور کوڈیڈ دستاویزوں کی بنیاد پر پاسپورٹ بنوانے کا الزام ہے۔ رام پور کے تھانہ سول لائنس میں بی جے پی لیڈر آکاش سکسینہ کی شکایت پر یہ مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

پرینکا گاندھی نے یوم پیدائش پر منشی پریم چند کو یاد کیا

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے منشی پریم چند کے یوم پیدائش پر انھیں خاص انداز میں یاد کیا ہے۔ پریم چند کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر ان کے افسانہ ’پنچ پرمیشور‘ کا ایک جملہ لکھا ہے جو آج کے دور میں بھی انتہائی بامعنی ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’بگاڑ کے ڈر سے کیا ایمان کی بات نہیں کرو گے۔‘‘ اس جملے کے ساتھ ہی پرینکا گاندھی نے لکھا ہے کہ ’’اپنے افسانوں کی دنیا میں ہندوستانی سماج کے دکھ درد، ہنسی-خوشی، ہار-جیت اور زندگی کی جدوجہد کو سامنے لانے والی ہندی ادب کی عظیم شخصیت منشی پریم چند کو ان کے یوم پیدائش پر خراجِ عقیدت۔‘‘


ممبئی: محکمہ موسمیات نے جاری کیا الرٹ، کچھ ہی گھنٹوں میں ہوگی تیز بارش

ممبئی زوردار بارش کی وجہ سے گزشتہ دنوں کافی پریشان رہا، اور اب ایک بار پھر محکمہ موسمیات نے موسلادھار بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹھانے، پال گھر اور رائے گڑھ وغیرہ اضلاع میں کچھ ہی گھنٹوں میں زبردست بارش شروع ہو سکتی ہے 30 سے 40 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔


علی گڑھ: سڑکوں کی جگہ نمازِ جمعہ چھتوں پر پڑھنے کا فیصلہ

علی گڑھ شہر کے مفتی محمد خالد حمید نے شہر کے سبھی مساجد کی انتظامیہ کو سڑکوں کی جگہ مسجدوں کی چھت پر جمعہ کی نماز ادا کرانے سے متعلق انتظام کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس فیصلے سے دو طبقات کے درمیان ٹکراؤ ختم ہو سکتا ہے۔ مسلم طبقہ کے اراکین کے ضلع انتظامیہ افسران سے ملاقات کے بعد شہر مفتی کا یہ اعلان سامنے آیا ہے۔ پچھلے دنوں ضلع انتظامیہ نے سڑکوں پر سبھی مذہبی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی تھی۔

مفتی محمد خالد حمید نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں پر نماز ادا کرنے کا کوئی انتظام نہیں ہے، لیکن کبھی کبھی لوگ مسجد کے اندر جگہ کی کمی کے سبب ایسا کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں نے سبھی مسجدوں کے انتظامیہ کو اس بارے میں مطلع کرا یا ہے اور ضرورت پڑنے پر انھیں چھت پر انتظام کرنا ہوگا۔‘‘ مفتی حمید نے یہ بھی کہا کہ ’’عید اور عیدالاضحیٰ جیسے خاص موقع پر لوگ جامع مسجد اور عیدگاہ کے برابر سڑکوں پر نماز ادا کر سکتے ہیں کیونکہ مسجد میں زبردست بھیڑ کے مدنظر جگہ کم پڑ جاتی ہے۔‘‘

36 گھنٹے بعد کیفے کافی ڈے کے مالک کی لاش نیتراوتی ندی سے برآمد

مشہور کیفے چین سی سی ڈی یعنی کیفے کافی ڈے کے بانی وی جی سدھارتھ پچھلے 36 گھنٹے سے لاپتہ تھے، اور اب ان کی لاش کرناٹک کے منگلورو واقع نیتراوتی ندی کے کنارے سے برآمد ہوئی ہے۔ سدھارتھ سابق وزیر اعلیٰ ایس ایم کرشنا کے داماد تھے۔ خبروں کے مطابق مقامی مچھواروں کو لاش ندی کے کنارے تیرتی ہوئی نظر آئی جسے نکال کر انھوں نے پولس کو اطلاع دی۔

یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-

Leave a comment