اہم خبریں: لندن برج پر حملہ کرنے والے شخص کی ہوئی شناخت، نام ہے عثمان خان

لندن برج پر لوگوں کو چاقو سے نشانہ بنانے والے شخص کی شناخت

لندن: برطانیہ میں پولس نے لندن برج پر حملے کو انجام دینے والے شخص کی شناخت کر لی ہے جسے دہشت گردی سے متعلق جرائم کے لئے پہلے ہی مجرم ٹھہرایا جا چکا تھا۔ لندن پولس نے جمعہ کو حملہ کرنے والے شخص کی شناخت 28 سالہ عثمان خان کے طور پر کی ہے۔ پولس نے جمعہ کو بتایا کہ اس شخص نے برطانیہ کے دارالحکومت میں لندن برج پر اور اس کے قریب بہت سے لوگوں پر چاقو سے حملہ کیا۔ اس کے بعد اسسٹنٹ کمشنر نیل باسو نے تصدیق کی کہ اس شخص کو موقع پر ہی گولی مار دی گئی۔

نانا پٹولے کانگریس کی طرف سے مہاراشٹر اسپیکر کے امیدوار ہوں گے: بالا صاحب تھوراٹ

آج صبح 9.30 بجے کانگریس، شیوسینا اور این سی پی لیڈروں کی ایک میٹنگ ممبئی میں ہوئی جس میں کئی اہم فیصلے کیے گئے۔ کانگریس لیڈر بالا صاحب تھوراٹ نے میڈیا سے بات چیت کے دوران بتایا کہ مہاراشٹر اسپیکر کے لیے کانگریس کی طرف سے نانا پٹولے امیدوار رہیں گے۔ قابل ذکر ہے کہ آج دوپہر میں ’مہا وکاس اگھاڑی‘ کو اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنی ہے۔


اجیت پوار نے بی جے پی رکن پارلیمنٹ سے کی ملاقات

مہاراشٹر میں سیاست کی اٹھا پٹخ یوں تو ختم ہو گئی معلوم ہوتی ہے، لیکن اجیت پوار کی بی جے پی رکن پارلیمنٹ سے ملاقات نے قیاس آرائیوں کا بازار ایک بار پھر گرم کر دیا ہے۔ دراصل اجیت پوار نے آج اپنے گھر پر بی جے پی رکن پارلیمنٹ پرتاپ چکھلیکر سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب شیوسینا کی قیادت والی ریاستی حکومت کو اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنا ہے۔ جانکاری کے مطابق ادھو حکومت کو دوپہر بعد تقریباً 2 بجے اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنی ہے۔ ایسے میں بی جے پی رکن پارلیمنٹ اور اجیت پوار کے درمیان ملاقات کو کچھ لوگ سیاسی جامہ بھی پہنا رہے ہیں۔

مہاراشٹر: شیوسینا-این سی پی-کانگریس کی انتہائی اہم میٹنگ 9.30 بجے

شیوسینا، کانگریس اور این سی پی اتحاد کی ایک انتہائی اہم میٹنگ 9.30 بجے منعقد ہونے والی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس میٹنگ میں اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنے سے متعلق بات چیت ہوگی۔ ساتھ ہی اسپیکر کے انتخاب سے متعلق بھی میٹنگ میں ناموں پر غور و خوض ہوگا۔ واضح رہے کہ تینوں پارٹیوں پر مشتمل ’مہا وکاس اگھاڑی‘ حکومت کو دوپہر کے وقت اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنی ہے۔


مہاراشٹر: ٹھاکرے حکومت آج ثابت کرے گی اکثریت، 170 اراکین اسمبلی کی حمایت کا دعویٰ

شیوسینا-این سی پی-کانگریس اتحاد مہاراشٹر میں قابض ہو چکا ہے اور ادھو ٹھاکرے کی قیادت والی ’مہا وکاس اگھاڑی‘ حکومت آج اسمبلی میں اکثریت ثابت کرے گی۔ اسمبلی کے ایک افسر کے مطابق اکثریت ثابت کرنے کا عمل دوپہر کے وقت ہو سکتا ہے۔ گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے ادھو ٹھاکرے کو اکثریت ثابت کرنے کے لیے 3 دسمبر تک کا وقت دیا ہے۔ این سی پی کے سینئر لیڈر دلیپ ولسے پاٹل کو جمعہ کو مہاراشٹر اسمبلی کا پروٹیم اسپیکر مقرر کیا گیا ہے۔


یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-

اپنی رائے یہاں لکھیں