اہم خبریں: تیسرے ونڈے میں بھی ہندوستان کی شکست، نیوزی لینڈ کا سیریز پر 0-3 سے قبضہ


کرکٹ: ہندوستان کو آخری ونڈے میں بھی نیوزی لینڈ نے دی شکست

تیسرے اور آخری ونڈے میں بھی نیوزی لینڈ نے ہندوستان کو شکست دے کر سیریز پر 0-3 سے قبضہ کر لیا ہے۔ آج ہندوستان نے نیوزی لینڈ کے سامنے جیت کے لیے 296 رن کا ہدف رکھا تھا جسے میزبان ٹیم نے محض 5 وکٹ کے نقصان پر 47.1 اوور میں حاصل کر لیا۔


دہلی الیکشن: لوگوں نے امت شاہ کو ’کرنٹ‘ لگانے کا کام کیا… امانت اللہ

جیسے جیسے ووٹوں کی گنتی آگے بڑھ رہی ہے، عام آدمی پارٹی مضبوط ہوتی معلوم ہو رہی ہے۔ پارٹی کی کامیابی سے لیڈران کافی خوش ہیں اور اپنا پہلا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے امانت اللہ خان نے میڈیا سے کہا کہ ’’دہلی کی عوام نے آج بی جے پی اور امت شاہ کو کرنٹ لگانے کا کام کیا ہے، یہ کام کی جیت ہوئی ہے اور نفرت کی شکست۔ میں نے نہیں، عوام نے ریکارڈ (سبقت کا فرق) توڑا ہے۔


افغانستان دھماکہ: خودکش حملہ آور سمیت چھ ہلاک

کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک ملٹری یونیورسٹی کے باہر منگل کو خودکش بم حملے میں حملہ آور سمیت چھ لوگوں کی موت ہوگئی اور 12 دیگر زخمی ہوگئے۔ وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی نے ٹوئٹر پر اطلاع دی، ’’ایک خودکش حملہ آور نے چار راہی کمبر علاقے میں مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً سات بجے خود کو بم سے اڑا لیا۔ دھماکے میں دو شہریوں سمیت تین فوجی اہلکاروں کی موت ہوگئی۔ پانچ شہریوں سمیت 12 دیگر زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ ہلاک شدگان کی تعداد ابھی اور بڑھ سکتی ہے۔ دھماکے میں سڑک پر جانے والی کئی گاڑیاں بھی تباہ ہوگئی ہیں۔ عینی شاہد احمدسمیر نے بتایا کہ کار بم دھماکہ صبح مقامی وقت کے مطابق سات بجے ہوا جب طلبہ اور یونیورسٹی کے ملازم مارشل فہیم نیشنل ڈفینس یونیورسٹی میں جانے کےلئے آرہے تھے۔ ابھی تک کسی دہشت گرد گروپ نے حملے کی ذمہ داری نہیں لی ہے۔ پچھلے سال مئی میں اسی یونیورسٹی پر ایک خودکش حملہ آور نے حملہ کیا تھا اور اس کی ذمہ داری دہشت گرد گروپ داعش نے لی تھی۔

قتل کے چار ملزمان کو عمرقید و جرمانہ کی سزا

پرتاپ گڑھ : اترپردیش میں پرتاپ گڑھ ضلع ایڈیشنل سیشن جج مہیش کمار کی عدالت نے پانچ سال قبل ہوئے قتل کے مقدمہ کی سماعت کرتے ہوئے خاطی ثابت ہونے کے سبب جہاں قتل کے چار ملزمان کو عمر قید جرمانہ کی سزا سنائی، وہیں اسی مقدمہ کے کراس کیس میں قاتلانہ حملے کے الزام میں تین ملزمان کو دس سال قید و جرمانہ کی سزا سنائی۔

استغاثہ کے بموجب تھانہ سنگرام گڑھ علاقے کے شیوپور گاوں میں 12/ نومبر 2015 کو برج لال کی دوکان کے سامنے بلدیو پرساد مشر مع بیٹوں نریندر و جیتندر مشر کھڑے تھے، کہ اسی درمیان راکیش سنگھ ،جگدیش سنگھ ، ونے سنگھ و بھانوں سنگھ آگئے۔ دونوں فریقوں کے لوگ انتخاب میں حصہ لے رہے تھے۔ دونوں فریقین میں کہا سنی کے درمیان راکیش سنگھ وغیرہ نے راڈ سے بلدیو پر حملہ کر دیا، جس کے سبب وہ شدید زخمی ہوگئے۔ علاج کے لئے مقامی اسپتال لایا گیا۔ جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔ وہیں پولیس راکیش سنگھ وغیرہ کے خلاف قتل و مقتول کے بیٹوں پر قاتلانہ حملے کا کیس درج کر فرد جرم عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے مقدمہ کی سماعت کرتے ہوئے وکلاء کے استدلال سننے کے بعد خاطی ثابت ہونے کے سبب قتل کے ملزم راکیش سنگھ ،جگدیش، ونے و بھانوں سنگھ کو عمر قید و فی کش 75 – 75 ہزار روپیہ جرمانہ اور قاتلانہ حملے میں دھرمیندر مشر، جیتیندر عرف ناگراج مشر و رجّن عرف نشاپتی مشر کو دس سال قید و فی کش 24-25 ہزار جرمانہ کی سزا سنائی۔

خلیج بنگال میں کشتی ڈوبی، روہنگیا کمیونٹی کے 15 لوگوں کی موت

ڈھاکہ: بنگلہ دیش کے ساحلی علاقہ کاکس بازار سے روہنگیا کمیونٹی کے لوگوں کو لے کر ملائشیا کی طرف روانہ ہوئی ایک کشتی خلیج بنگال میں ڈوب گئی جس کی وجہ سے کم از کم 15 لوگوں کی موت اور 40 دیگر زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ پیر کی دیر رات اس وقت ہوا جب کشتی خلیج بنگال کے چیرادیپ میں سینٹ مارٹن جزیرہ کے نزدیک ڈوب گئی۔ بنگلہ دیش کے ساحل محافظ دستہ کے اسٹیشن کمانڈر لیفٹننٹ کرنل نعیم الحق نے یو این آئی سے بات چیت میں اس حادثہ میں مرنے والوں کی تعداد کی تصدیق کی ہے۔ اس حادثہ میں روہنگیا کمیونٹی کے 62 لوگوں کو بچا لیا گیا ہے۔

کرکٹ: آخری ونڈے میں ہندوستان نے نیوزی لینڈ کے سامنے رکھا 297 رن کا ہدف

ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین میچوں کی وَن ڈے سیریز کا تیسرا اور آخری مقابلہ ماؤنٹ ماؤنگانوئی کے بے-اوول میدان پر کھیلا جا رہا ہے۔ ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ نے پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور ہندوستانی بلے بازوں نے 50 اوور میں 296 رن بنا لیے۔ کے ایل راہل نے بہترین سنچری بنائی جب کہ شریئس ایر نے نصف سنچری بنانے میں کامیابی حاصل کی۔


شہریت ترمیمی قانون کے خلاف شاہین باغ خاتون مظاہرین کا آج ’خاموش مظاہرہ‘

شہریت ترمیمی قانون، این آر سی و این پی آر کے خلاف شاہین باغ کی خاتون مظاہرین نے ایک الگ انداز میں مظاہرہ کیا۔ آج شاہین باغ میں صبح سے ہی کافی خاموشی دیکھنے کو مل رہی ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ خواتین نے آج ’خاموش مظاہرہ‘ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شاہین باغ میں بیٹھی خواتین نے فیصلہ کیا ہے کہ آج اسٹیج سے کوئی تقریر نہیں ہوگی اور مظاہرے میں پوری طرح سے خاموشی رہے گی۔ قابل ذکر ہے کہ شاہین باغ میں بیٹھی خواتین کے درمیان دن بھر کچھ نہ کچھ تقریر ضرور ہوتی رہتی ہے اور شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کے تعلق سے لوگوں میں بیداری پیدا کی جاتی رہی ہے۔ لیکن آج ایسا کچھ بھی دیکھنے کو نہیں مل رہا۔

کورونا وائرس: ہانگ کانگ میں 38 مریضوں کی تصدیق

ہانگ کانگ کی علاقائی حکومت کے صحت حفاظتی مرکز (سی ایچ پی) نے کہا ہے کہ یہاں کورونا وائرس کیسز کی تعداد بڑھ کر 38 ہو گئی ہے۔ ہیلتھ سینٹر کے سربراہ چوانگ شك کوان نے میڈیا کو بتایا کہ پیر کو 2 مزید کیس سامنے آئے ہیں۔ ایسا مانا جا رہا ہے کہ ایک مریض سمیت 10 افراد جو 26 جنوری کو ایک گھریلو تقریب میں شامل ہوئے تھے،متاثر ہو سکتے ہیں۔

ایک دیگر کیس میں 69 سالہ شخص کو متاثر پایا گیا ہے۔ سی ایچ پی انفیکشن کا ذریعہ پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ہانگ کانگ میں ابھی تک کورونا وائرس سے ایک شخص کی موت کی اطلاع ہے اور 37 دیگر مشتبہ افراد کا علاج کیا جا رہا ہے، جن میں سے چار کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

دہلی اسمبلی الیکشن: عآپ کو مضبوط اکثریت دینے کے لیے دہلی کو مبارکباد… سوم ناتھ بھارتی

عام آدمی پارٹی کو رجحانات میں زبردست اکثریت ملتی ہوئی نظر آ رہی ہے جس کے پیش نظر عآپ لیڈر سوم ناتھ بھارتی نے دہلی کی عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے ایک ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’ایک بار پھر مضبوطی کے ساتھ عآپ کو منتخب کرنے کے لیے دہلی کو پرخلوص مبارکباد۔ ایگزٹ پول نے زمینی حقیقتوں اور جذبات کو ٹھیک طرح سمجھا۔ کچھ ہی دیر میں (کامیابی سے متعلق) رسمی اعلانات بھی ہو جائیں گے۔‘‘



بی جے پی کے لیے آج کا دن اچھا ہوگا، میں نروس نہیں: منوج تیواری

ووٹوں کی گنتی شروع ہو چکی ہے اور رجحانات میں عام آدمی پارٹی حکومت سازی کرتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ اس سے قبل بی جے پی دہلی کے صدر منوج تیواری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں نروس نہیں ہوں۔ آج کا دن بی جے پی کے لیے اچھا ہوگا۔ بی جے پی کے دفتر میں جشن کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں۔ بی جے پی آج دہلی حکومت میں آ رہی ہے۔‘‘


برقع پہننے والی خواتین کو ’راون کی بہن‘ بتانے والے بی جے پی لیڈر کو وجہ بتاؤ نوٹس

برقع پہننے والی مسلم خواتین کو ’راون کی بہن‘ بتانے والے بی جے پی لیڈر رگھو راج سنگھ کو پارٹی نے وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا ہے۔ یوگی حکومت میں وزیر رگھو راج سنگھ کے ذریعہ برقع پہننے والی خواتین کو راکششوں کی نسل سے بتائے جانے کے بعد کافی تنازعہ پیدا ہو گیا تھا اور انھیں تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔ اس متنازعہ بیان کو دیتے ہوئے نوٹس میں پارٹی نے رگھو راج سنگھ پر پارٹی کی پالیسیوں کی خلاف ورزی کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے اور ان کے بیان پر وضاحت طلب کی گئی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ رگھوراج سنگھ نے اپنے بیان میں واضح لفظوں میں کہا تھا کہ جو خواتین برقع پہنتی ہیں وہ راون کی بہن ’سوپرنکھا‘ کی بہن ہیں کیونکہ جب ان کی ناک کاٹی گئی تھی تو برقع پہن کر خود کا چہرہ چھپاتے ہوئے بھاگ گئی تھی۔ رگھوراج سنگھ نے اپنے بیان کے ساتھ ساتھ برقع پر پوری طرح سے پابندی عائد کرنے کا مطالبہ بھی کیا تھا اور کہا تھا کہ برقع کی وجہ سے دہشت گرد خود کو چھپانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔

رگھو راج سنگھ کا بیان وائرل ہونے کے بعد اتر پردیش بی جے پی صدر سوتنتر دیو سنگھ نے اسے سنگین ڈسپلن شکنی قرار دیتے ہوئے وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا ہے۔ رگھو راج سنگھ کو ایک ہفتے کے اندر اس نوٹس کا جواب دینا ہے۔

یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – بشکریہ قومی آواز بیورو

Leave a comment