چنئی ، 14 دسمبر (یواین آئی) انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی (آئی آئی ٹی) -مدراس حالیہ دنوں میں 66 طلباء سمیت 71 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد ایک نئے کووڈ 19 ہاٹ اسپاٹ کے طور پر سامنے آیا ہے۔ جس کی وجہ سے انتظامیہ کو تمام محکموں کو بند کرنا پڑا۔آئی آئی ٹی -ایم کے انتظامیہ نے پیر کو تمام طلباء سے کرونا کا معائنہ کروانے کو کہا ہے اور اگر کوئی بھی طالب علم کورونا سے متاثر پایا جاتا ہے تو اسے قرنطینہ میں بھیج دیا جائے گا۔
انسٹی ٹیوٹ کی طرف سے جاری کردہ ایک سرکلر میں کہا گیا ہے کہ تمام محکموں، مراکز اور لائبریریوں کو اگلے حکم تک فوری اثر کے ساتھ بند کردیا گیا ہے۔ اس سرکلر میں تمام فیکلٹی ممبران ، پروجیکٹ اسٹاف ممبران اور محققین کو گھر سے کام کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے ، جبکہ طلبہ ، اسکالرز اور پروجیکٹ اسٹاف ممبروں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ خود کو کیمپس اور اپنے ہاسٹل کے کمروں میں بند رکھیں۔
آئی آئی ٹی-ایم نے بتایا کہ صرف 10 فیصد طلباء کو ہاسٹل میں رکھا جارہا ہے اور جیسے ہی کورونا کیسز میں اضافے کی اطلاع ملی ، انہوں نے شہری حکام سے مشاورت کے بعد ہاسٹل کے تمام طلبہ کی جانچ کرنے کا بندوبست کیا۔