اورنگ آباد:نام تبدیلی مخالف ایکشن کمیٹی نے مطلع کیا ہے کہ اورنگ آباد ضلع کا نام تبدیل کرنے کی مخالفت کرنے کے لیے 12 جولائی کو شہر کے بھٹکل گیٹ سے عام خاص میدان تک ایک خاموش مورچہ نکالا جائے گا۔
ایکشن کمیٹی نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ اس مارچ میں 50 ہزار کارکنان شرکت کریں گے۔ قابل ذکر ہے کہ اس مارچ میں شہر کی طرح دیہی علاقوں سے بھی لوگوں کی شرکت متوقع ہے۔ نام تبدیلی مخالف ایکشن کمیٹی کے کوآرڈینیٹر ایوب جاگیر دار ، گوتم کھرات کے مطابق اورنگ آباد مخالف نام تبدیلی کمیٹی نے 12 جولائی کو دوپہر 2 بجے بھٹکل گیٹ سے عام خاص میدان تک خاموش مورچہ نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسی مناسبت سے منہ پر سیاہ پٹی باندھ کر اور ہاتھ میں ترنگا جھنڈا لے کر مارچ کا آغاز ہوگا۔ اس کے بعد عام خاص میدان میں جلسہ ہوگا۔ ایکشن کمیٹی نے اندازہ لگایا ہے کہ اس کے لیے 50,000 افراد جمع کیے جائیں گے۔ رکن پارلیمنٹ امتیاز جلیل کو ایکشن کمیٹی کا صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔