-
جواہر نگر پولس اسٹیشن کی حدود میں شیوشنکر کالونی کی عمارت سے لاکھوں کا غیر قانونی گٹکا برآمد
-
رکن اسمبلی سید امتیاز جلیل نے پولس ملازمین کے ساتھ مل کر عمارت پر مارا چھاپہ
-
گٹکے کے کاروباریوں سے ہفتہ خوری کا الزام اور اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں معاملہ کو اٹھانے کا دیا انتباہ
اورنگ آباد:(جمیل شیخ):اورنگ آباد شہر میں گٹکے کا غیر قانونی گورکھ دھندہ عرصہ سے جاری ہے بار بار مطالبہ کرنے کے باوجود پولس انتظامیہ کی اس جانب توجہ نہ دینے ایف ڈی اے انتظامیہ کی جانب سے غیر قانونی گٹکا کاروباریوں کے خلاف کاروائی نہ کئے جانے پرگذشتہ روز مجلس اتحاد المسلمین کے رکن اسمبلی سید امتیاز جلیل نے پولس اور ایف ڈی اے ملازمین کے ساتھ مل کر شیوشنکر کالونی کے ایک مکان پر چھاپہ مارا جہاں سے لاکھو ںکا غیر قانونی گٹکا برآمد کیاگیا امتیاز جلیل نے اس معاملہ میں پولس انتظامیہ کے ساتھ ساتھ حکومت میں بیٹھے سفید پوشوں پر بھی کئی سنگین الزامات عائد کئے ۔اور انتباہ دیا کہ وہ اس مسئلہ کو آئندہ اسمبلی اجلاس میں پوری شدت کے ساتھ اٹھائیں گے تفصیلات کے مطابق شہر کو نشہ سے پاک کرنے کے مقصد سے مجلس اتحاد المسلمین نے رکن اسمبلی سید امتیاز جلیل کی قیادت میں نشیلی اشیاء کے علاوہ گٹکا کے خلاف ایک مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا رکن اسمبلی امتیاز جلیل نے اعلان کیا تھا کہ وہ جنسی پولس اسٹیشن سے پولس کمشنریٹ تک ایک جلوس نکالیں گے اور نشہ کے خلاف لوگوں کو بیدار کریں گے ساتھ ہی انتظامیہ کو یہ پیغام بھی دیا جائے گا کہ وہ شہر کو نشہ سے پاک کرنے کے ٹھوس قدم اٹھائیں۔

لیکن جلوس نکالنے کے طئے تاریخ کے آنے سے قبل ہی فوڈ اینڈ ڈرگس ایڈ منسٹریشن انتظامیہ اور پولس کے اعلی افسران کی ایک میٹنگ طلب کرکے رکن اسمبلی امتیاز جلیل کو اس میٹنگ میں یقین دلایا تھا کہ وہ جلوس نکالنے کا فیصلہ واپس لے لیں اورجلد ہی نشیلی اشیاء کے ساتھ ساتھ گٹکا کے غیر قانونی کاروبار پر لگام لگانے کے لئے ٹھوس قدم اٹھائیں لیکن کئی ہفتے گزرجانے کے بعد بھی پولس یا ایف بی اے کی جانب سے کوئی کاروائی نہیں کی گئی۔رکن اسمبلی سید امتیاز جلیل کا کہنا ہے کہ جواہر نگر پولس اسٹیشن کے حدود میں شیو شنکر کالونی کے ایک رہائش گاہ سے بڑے پیمانے پر غیر قانونی گٹکا کے کاروبار کی اطلاع تھی رکن اسمبلی کے مطابق اس عمارت میں ٹرکوں کے ذریعہ گٹکا لایاجاتا تھا اور یہ یہاں سے مختلف مقامات تک پہنچایا جاتا تھاانہوں نے بتایا اس گورکھ دھندے کے خلاف کاروائی کرنے کافیصلہ کیاگیاوہ اپنی پارٹی کے کچھ ذمہ داران کے ساتھ شیوشنکر کالونی پہنچے رکن اسمبلی نے بتایا یہاں پہنچنے پر انہو ںنے متعلقہ ڈی سی پی اور پولس کے ذمہ داران سے ربط قائم کیاڈی سی پی نے کہا کہ وہ جنسی پولس اسٹیشن میں موجود ہے چند منٹوں میں وہ شیو شنکر کالونی پہنچیں گے چالیس منٹ انتظار کرنے کے بعد بھی جب وہ نہیں آئے تو پھر انہیں ایک بار فون پر ربط کیاگیا تو وہ ڈی سی پی نے بتایا کہ وہ کسی میٹنگ میں مصروف ہیں رکن اسمبلی امتیاز جلیل نے کہا کہ وہ یہ فیصلہ کرکے آئے تھے کہ آج اس عمارت میں موجود غیر قانونی گٹکے کے کاروبار کے خلاف کاروائی کرواکر ہی لوٹیں گے انہوں نے بتایا جواہر نگر پولس کو جب یہ کہاگیا کہ وہ شیوشنکر کالونی میں موجود عمارت کے قریب وہ پہنچ چکے ہیں تو جواہر نگر پولس نے ان سے پوچھا کہ یہ شیو شنکر کالونی ہے کہاں؟ یہ جواب سن کر بڑی حیرت ہوئی کیونکہ یہ علاقہ اسی پولس اسٹیشن کے تحت آتا ہے ۔کسی طرح جواہر نگر پولس کے جوان اور انسپکٹر وہاں پہنچے عمارت کا تالا توڑ کر جب اندر داخل ہوئے تو آنکھیں چندھیا گئیں پوری عمارت مختلف قسم کے گٹکے کی بوریوں سے لدے ہوئے تھے۔گٹکے کے پیکٹس افسران کو دکھائے گئے اور لاکھوں روپئے کا گٹکا ضبط کروایا گیا اس پورے معاملے پر رکن اسمبلی نے صحافیو ںکو بتایا کہ یہ گٹکے کا غیر قانونی دھندہ پولس کی مدد کے بغیر نہیں چل رہا ہے۔ یہ کاروبار کرنے والے پولس کے متعلقہ انسپکٹر سے لے کر منترالیہ میں بیٹھے وزراء تک کو ہفتہ پہنچاتے ہیں انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ انتہائی سنگین ہے ۔اور وہ اس پورے معاملے کو اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں پوری شدت کے اٹھائیں گے۔