سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے مالیاتی مرکز میں واقع بلند ترین عمارت کو ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں دوسری بار نشانہ بنایا گیا ہے۔
اس واقعے میں 11 افراد زخمی ہوئے، جن میں دو سعودی شہری، دو بھارتی باشندے، تین نیپالی باشندے اور چار مصری باشندے شامل ہیں۔
متعلقہ حکام نے واقعے کے فوراً بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ لوگوں کی حفاظت اور املاک کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام منظور شدہ حفاظتی اقدامات اور ضروری کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔
سعودی قیادت میں یمن میں حوثی جنگجوؤں کے خلاف کارروائیاں کرنے والے اتحاد نے تصدیق کی ہے کہ ریاض کے مالیاتی مرکز میں ایک عمارت پر حملہ ہوا ہے۔ اس سے قبل خبر رساں ادارے اے ایف پی نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا تھا کہ سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی عمارت کو نشانہ بنایا گیا۔
اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ ریاض کے مالیاتی مرکز میں واقع ایک عمارت کو ’بزدلانہ دہشت گرد حملے‘ میں نشانہ بنایا گیا ہے۔ ان کے مطابق حکام جائے وقوعہ کا جائزہ لے رہے ہیں اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
اس سے قبل گذشتہ جمعرات کو بھی اس عمارت کو میزائل حملے میں نقصان پہنچا تھا، جس کا الزام حوثی جنگجوؤں پر عائد کیا گیا تھا۔