نئی دہلی۔ 9 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) انیل امبانی کی کمپنی ریلائنس انفراسٹرکچر کو گجرات کے راجکوٹ میں گرین فیلڈ ایرپورٹ بنانے کا کنٹراکٹ مل گیا ہے۔ ایرپورٹ راجکوٹ کے ہیراسر میں بنایا جائے گا۔ کمپنی نے ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی ہے۔ امبانی کو ملے اس ٹھیکہ کی قیمت 648 کروڑ روپئے ہے۔ این ڈی ٹی کی خبر کے مطابق کنٹراکٹ پانے کے لئے ریلائنس کے علاوہ ایل اینڈ ٹی، ایف کان، دلیپ بلڈکان اور تائتری پروجیکٹ سمیت نو کمپنیوں نے درخواست دی تھی۔ ریلائنس انفراسٹرکچر کی طرف سے کہا گیا ہے کہ ، اس نے سب زیادہ تیکنیکی اسکور (2.92 فیصد) حاصل کیا
اور اس کی بولی سب سے کم تھی۔ ایرپورٹ احمدآباد اور راجکوٹ کو جوڑنے والی قومی شاہراہ کے پاس اور راجکوٹ ایرپورٹ سے تقریباً 36 کیلومیٹر دور بنایا جائے گا۔ ریلائنس انفراسٹرکچر کا کہنا ہے کہ ایرپورٹ بننے سے احمدآباد سے آنے والے ٹریفک سے نجات ملنے کی امید ہے۔ کمپنی ڈیزائننگ، انجینئرنگ رن وے، ٹیکسی وے، ایپرن، فائر اسٹیشن اور انسٹرومنٹ لائٹنگ سسٹم کے جائزے اور تعمیر میں شامل ہوگی۔ ریلائنس انفراسٹرکچر کے مطابق ایرپورٹ کا کام 30 مہینوں میں پورا کیا جانا ہے۔ غور طلب ہے کہ انیل امبانی کی کمپنی کو ایسے وقت میں ایرپورٹ بنانے کا ٹھیکہ ملا ہے، جب ان کی کمپنی ریلائنس ڈیفنس رافیل ڈیل کو لے کر تنازعے میں چل رہی ہے۔ حزب مخالف کا الزام ہے کہ وفاعی شعبہ میں ریلائنس کا کوئی تجربہ نہیں ہے، اس کے باوجود ہندوستان ایروناٹکس لمیٹیڈ (ایچ اے ایل)کو درکنار کرکے ریلائنس ڈیفنس کو ٹھیکہ دیا گیا۔
حالانکہ مرکز کی مودی حکومت، ریلائنس اور فرانس کی کمپنی داسو نے حزب مخالف کے تمام الزامات کی تردید کی ہے۔ افسروں نے ایرپورٹ کنٹراکٹ کو لے کر کسی بھی طرح کا تنازعہ ہونے سے انکار کیا ہے کیونکہ ریلائنس انفراسٹرکچر کا ایرپورٹ بنانے کا تجربہ ہے۔ مہاراشٹرا میں یہ کمپنی موثر موجودگی رکھتی ہے۔ واضح ہوکہ انیل امبانی کی ملکیت والی ریلائنس کمیونی کیشنس (آرکام) نے تقریباً 45,000 کروڑ روپئے کے قرض کو چکانے کیلئے اپنی جائیدادوں کو بیچنے میں ناکام رہنے پر نیشنل کمپنی لا ٹریبیونل (این سی ایل ٹی) کی ممبئی بینچ میں دیوالیہ عرضی دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ انل امبانی کی کمپنی ریلائنس کمیونیکیشنس کا سویڈن کی موبائیل کمپنی ایرکسن سے بھی تنازعہ چل رہا ہے۔ معاملہ فی الحال سپریم کورٹ میں ہے۔ پچھلے مہینے سپریم کورٹ نے ایرکسن معاملے میں ریلائنس کمیونیکیشنس (آرکام) کے چیرمین انیل امبانی کو ہتک عزت کا مجرم قرار دیا ہے۔ عدالت نے ان کو سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود سویڈن کی مواصلاتی کمپنی ایرکسن کو 550 کروڑ روپئے نہ چکانے کا ملزم پایا ہے۔