Unlock 5.0 کی گائڈلائنس کا اعلان آج ممکن، کیا سنیما ہال کھول دیئے جائیں گے

نئی دہلی:28. ستمبر۔کورونا وبا کے دوران حکومت کی جانب سے جو ملک گیر لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا اس میں دھیرے دھیرے نرمی کا اعلان کیا جا رہا ہے۔ اس میں ابھی تک چار مرتبہ انلاک کرنے کے لئے رہنما ہدایات جاری کی جا چکی ہیں اور آج امکان ہے کہ انلاک 5.0 کے لئے رہنما ہدایات جاری کی جا سکتی ہیں۔

واضح رہے معیشت کو پٹری پر لانے کا حکومت پر زبردست دباؤ ہےاس لئے آج 31 اکتوبر تک کے لئے مزید نرمی کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔ہمیں یہاں یہ بات ذہن میں رکھنی ہوگی کہ اکتوبر سے ہی ہندوستان میں تیوہاروں کا سیزن شروع ہو جاتا ہے جو کافی لمبے وقت تک چلتا ہے اور یہی موقع ہے جب ملک میں معاشی سرگرمیاں تیز ہو تی ہیں۔اس لئے آج اعلان ہونے والی رہنما ہدایات پر سب کی نظریں لگی ہوئی ہیں کہ حکومت کن کن چیزوں میں رعایت دیتی ہے۔

گزشتہ ماہ وزارت داخلہ نے کچھ رعایتوں کا اعلان کیا تھا اور کافی حد تک عوام کو اپنی سرگرمیاں شروع کرنے کے لئے راحت دی تھی۔ گزشتہ ماہ ہوئے انلاک کے اعلان میں میٹرو خدمات کے شروع کیے جانے کا اعلان بہت ہی بڑا تھا اور اس سے بڑے شہروں میں کافی راحت ملی ہے۔

واضح رہے بہت سے عوامی مقامات پر سرگرمیاں شروع ہو چکی ہیں۔ حکومت نے مالس، سیلون، ریسٹورینٹ، جم وغیرہ کو پہلے ہی کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔ ابھی سنیما ہال، سوئمنگ پول، انٹرٹینمنٹ پارک وغیرہ کو کھولنے کی اجازت نہیں ہے اس لئے آج سب کی نظریں اس پر لگی ہیں کہ کیا حکومت ان کو کھولنے کی اجازت دیتی ہے یا نہیں۔ ملٹیپلیکس ایسوسی ایسشن آف انڈیا نے پہلے ہی کئی مرتبہ حکومت سے سنیما ہال کھولنے کی درخواست کی ہوئی ہے۔ یہاں یہ بات غور کرنے کی ہے کہ 21 ستمبر سے اوپن ائیر تھیئٹر کھولے جانے کی اجازت دی جا چکی ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading