امارت شرعیہ ہند اور جمعیۃ علماء ہند دونوں اداروں کے لئے عظیم خسارہ ہے۔ مولانا ندیم صدیقی کا تعزیتی بیان
دہلی:13۔ ستمبر۔ یہ خبر انتہائی رنج و غم کے ساتھ دی جاتی ہے کہ امارت شرعیہ ہند کے ناظم و روح رواں جید عالم دین حضرت مولانا معزالدین صاحب قاسمی رحمۃ اللہ علیہ 13 ؍ ستمبرصبح 11 بجے مختصر علالت کے بعد میکس اسپتال دہلی میں ہمیشہ ہمیش کے لئے اس دار فانی کو چھوڑ کر اپنے مالک حقیقی سے جاملے۔انا للہ و انا الیہ راجعون۔ حضرت مولانا کے وفات حسرت آیات پرگہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جمعیۃ علماء مہا راشٹر کے صدر مولانا حافظ محمدندیم صدیقی نے کہا کہ حضرت مولانا کی رحلت سے نہ صرف جمعیۃ علماء ہند بلکہ ملک بھر کے عوام و خواص اور علمی و دینی حلقوں میں غم کی کیفیت چھائی ہوئی ہے ،حضرت مولانا معزالدین صاحب قاسمی رحمۃ اللہ علیہ کا سانحہ ارتحال امارت شرعیہ ہند اورجمعیۃ علما ہند دونوں اداروں کے لئے عظیم خسارہ ہے۔
مولانا صدیقی نے مزید کہا کہ حضرت مولانا کی پوری زندگی دین متین کی خدمت اور امارت شرعیہ ہندکے پلیٹ فارم سے جدید فقہی مسائل کو سیمناروں اور پرو گراموں کےذریعہ عوام کے سامنے سہل انداز میں پیش کرنے اور لوگوں کے نزاعی معاملات قرآن و حدیث کی روشنی میں سلجھانے میں گزری ہے آپ ایک جید عالم دین،اکابر کے معتمد ،جمعیۃ علماء ہند کا قیمتی اثاثہ ،مخلص کارکن اور مجلس عاملہ کے معزز رکن تھے مولانا مرحوم بے شمار خو بیوں اور خصوصیات کے حامل تھے نہایت معتدل المزاج اور محتاط فکر کے حامل تھے، ، صاف دل ا ور صاف گوہونے کے ساتھ اکابر کے علوم ومعارف کے امین تھےجمعیۃ علماہند کی ورکنگ کمیٹی میں آپ کی رائے اور مشورے کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا اللہ تنظیم کو مولانا مرحوم کا نعم البدل عطا فرمائے ۔
مصیبت کی اس گھڑی میں ہم حضرت مولانا مرحوم کے بوڑھے والدین ،برادران سمیت تمام پسماندگان کی خدمت میں تعزیت مسنونہ پیش کرتے ہیں اور دعاء کرتے ہیں کہ مولائے کریم حضرت والا کی مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور آپ کے پسماندگان اور متعلقین کو صبر جمیل عطا فرمائے آمین۔ قحط الرجال کے اس دور بڑی تیزی سے اکابر علماء کرام دنیا سے رخصت ہوتے جا رہے ہیں جو امت مسلمہ کے لئے بڑا عظیم سانحہ ہے اللہ تعالی امت مسلمہ پر رحم فر مائے امت کو نعم البدل عطا فرمائے ۔مولا محمد ذاکر قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء مہا راشٹر نے صوبے بھر میں واقع جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی تمام یونٹوں کے عہدیداران و اراکین، ذمہ داران مدارس ائمہ مساجد سے اپیل کی ہے کہ حضرت ؒ مولانا مرحوم کے لئے دعاء مغفرت اورایصال ثواب کا اہتمام کریں۔