الحرم فاؤنڈیشن بھیونڈی کے نوجوانان مبارک باد کے مستحق ہیں جو یومیہ ایک ہزار سے زائد کھانے کے پیکٹ غریبوں میں تقسیم کر رہے ہیں

ضرورت مندوں کی خدمت سب سے بڑی عبادت ہے: مفتی محمد حذیفہ قاسمی
بھیونڈی ( شارف انصاری ):- بھیونڈی شہر میں جہاں بہت سے گروپ ضرورت مندوں کی خدمات انجام دے رہے ہیں اور اُن کو راشن کی کِٹیں یا پکا ہوا کھانا دونوں وقت فراہم کر رہے ہیں، وہ سارے ہی لوگ ہم سب کی جانب سے مبارک باد کے مستحق ہیں، اور عنداللہ اجر و ثواب کے ۔ اِنہی گروپوں میں سے ایک گروپ نوجوان علمائے کرام اور بعض مخیر احباب پر مشتمل ہے، جو تقریباً ایک مہینے سے مسلسل ضرورت مندوں کی خدمت میں مصروف ہے ۔ نوجوانوں کا یہ گروپ مفتی محمد حذیفہ صاحب قاسمی (صدر جمعیت علماء ضلع تھانہ) کی سرپرستی و رہبری میں کام کر رہا ہے ۔ یہ نوجوانان قاری محمد ایوب صاحب اعظمی جنرل سکریٹری جمعیت علماء بھیونڈی کے مکان پر کھانا تیار کر کے بھیونڈی کے غریب ضرورت مند مزدوروں کے علاقے، گائتری نگر، فاطمہ نگر، منصور آباد میں جا کر اپنے ہاتھوں سے خود پہنچا کر آتے ہیں ۔ جس کے لیے اُنہوں نے تینوں مقامات پر ایسے ذمے دار افراد کا انتخاب کر رکھا ہے جو پوری ذمے داری کے ساتھ اُس علاقے کے ضرورت مندوں تک یہ کھانا پہنچاتے ہیں اور اِنہوں نے اِس خدمت کو لاک ڈاؤن تک جاری رکھنے کا فیصلہ کِیا ہے ۔ اِسی طرح گائتری نگر کا وہ خطہ جو چاوندرا روڈ پہاڑی پر آباد ہے، وہاں پر دارالسلام مسجد، منصور آباد، رام نگر، اس علاقے کے غریب مزدوروں کی ضرورت کے پیشِ نظر مولانا محمد ساجد صاحب قاسمی، آصف شیخ عرف ننھے اور دیگر بعض نوجوانوں کی مدد سے کھانے کے تقریباً تین سو کِٹ روز تیار کر کے تقسیم کِیے جا رہے ہیں ۔ یہ نظام بھی جمعیت علماء ضلع تھانے کے صدر مفتی محمد حذیفہ صاحب قاسمی کی سرپرستی و نگرانی اور جزوی تعاون کے ساتھ جاری و ساری ہے ۔ اِس کے علاوہ ضرورت مندوں تک راشن کی کِٹوں کو پہنچانے کا سلسلہ بھی مفتی محمد حذیفہ صاحب قاسمی کے توسط اور جمعیت علماء بھیونڈی کی جانب سے جاری ہے ۔ جس میں اب تک تین سو سے زائد کِٹیں تقسیم کی جا چکی ہیں اور ضرورت مندوں کے تقاضوں کے تحت جزوی انکوائری کے بعد اُن کے گھروں تک خاموشی کے ساتھ کِٹوں کے پہنچانے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور بعض مقامات پر خدمت کرنے والے نوجوانوں کو راشن کی فراہمی بھی جاری ہے ۔ الحرم فاؤنڈیشن کے جن ذمے داران کی جانب سے پکے ہوئے کھانے کے ایک ہزار سے زائد پیکٹ یومیہ تیار کر کے تقسیم کِیے جا رہے ہیں، اُن کے اسمائے گرامی حسبِ ذیل ہیں مولانا محمد عمران طیبانی قاسمی ، مولانا شعیب احمد قاسمی ، مولانا محمد محسن قاسمی، مولانا محمد عرفان قاسمی، مولانا محمد سفیان قاسمی ، جناب محمد ابوالعاص (ابن قاری محمد ایوب صاحب اعظمی جنرل سکریٹری جمعیت علماء بھیونڈی) ، جناب محمد حارث بھائی، جناب محمد وامق بھائی، جناب محمد ساجد بھائی، جناب رفیق احمد صاحب دیگر اہلِ خیر نوجوانان ۔ بھیونڈی شہر کے قاسمی علمائے کرام کا یہ گروپ الحرم فاؤنڈیشن ہم سب کی جانب سے انتہائی مبارک بادی کا مستحق ہے. اللہ تبارک و تعالیٰ ان کے اس جذبے کو سلامت رکھتے ہوئے آئندہ مزید ملّی خدمات انجام دینے کی توفیق عطا فرمائے ۔ آمین

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading