ممبئی:(ورق تازہ نیوز) بی جے پی وشیوسینا کی اس پانچ سالہ حکومت میں مہاراشٹر تباہی کے دہانے پر پہونچ چکا ہے اور سماج کے تمام طبقات میں حکومت کے خلاف زبردست ناراضگی پائی جارہی ہے۔ خشک سالی اور سیلاب زدگان کی یہ حکومت مدد نہیں کرسکی، کسانوں کی خودکشی، بیروزگاری، معاشی بحران جیسے مسائل پر کانگریس پارٹی حکومت سے جواب طلب کرے گی۔ یہ باتیں آج یہاں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری ومہاراشٹر کے نگراں ملکارجن کھڑگے نے تلک بھون دادر میں ریاستی کانگریس کے وار روم کے افتتاح کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ 
اس موقع پر آل انڈیا کانگریس کے جنرل سکریٹری و وار روم کے سربراہ اویناش پانڈے، مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ایم ایل اے بالا صاحب تھورات، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری ومہاراشٹر کے نائب نگراں چیلا وامشی ریڈی، سمپت کمار، بی ایم سندیپ، یوتھ کانگریس کے ریاستی صدر ستیہ جیت تانمبے، ریاستی کانگریس کے جنرل سکریٹری اورترجمان سچن ساونت، وار روم کے نگراں ابھیجت سپکال، ریاستی جنرل سکریٹری راجن بھونسلے اوررمیش شیٹی وغیرہ موجود تھے۔کھڑگے نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے لئے کانگریس کا وار روم پوری طرح تیار ہے۔ اس وار روم کے ذریعے کانگریس کا موقف عوام تک پہونچایا جائے گا اور انتخابی مہم کی منصوبہ بندی کی جائے گی۔ اسمبلی انتخابات کے لئے کانگریس اتحاد کی تیاری مکمل ہوچکی ہے۔ ریاست بھر میں اسٹار پرچارکوں کے اجلاس ہونے والے ہیں۔ اس کے ذریعے سوشل میڈیا پر مزیدموثر طریقے سے انتخابی مہم چلائی جائے گی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ملکارجن کھڑگے نے کہاکہ وایناش پانڈے کی قیادت میں اس وار روم کے ذریعے اسمبلی انتخابات کی مہم کی منصوبہ بندی اور رابطہ قائم کیا جائے گا۔ اس کے ذریعے اسٹار پرچارکوں کے اجلاس کی منصوبہ بندی بھی کی جائے گی نیز سوشل میڈیا پر انتخابی مہم چلائی جائے گی۔ اس کے علاوہ اس کے ذریعے امیدواروں اورکارکنان کی رہنمائی اور قانونی مدد ومشورہ بھی دیا جائے گا۔ میڈیا کے نمائندوں کے ممبئی کے آرے کالونی میں درختوں کی کٹائی کے بارے میںکئے گئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے پولیس طاقت کا استعمال کرتے ہوئے آدھی رات کو آرے کالونی میں درختوں کا قتل کیا۔ اس کی مخالفت کرنے والے ممبئی کے لوگوں کو، نوجوان طالب علموں اور ماحولیات کی حفاظت کرنے والوں کو پولیس نے گرفتار کرکے جیل میں ڈال دیا ہے۔ دسکوری چینل کے مین ورسیس وائلڈ نامی پروگرام میں مودی جی کہا تھا کہ میریے چچا کو لکڑی کا کاروبار کرنے تھا لیکن چچی نے یہ کہتے ہوئے انہیں روک دیا تھا کہ لکڑیوں میں بھی جان ہوتی ہے۔ اس کو ذہن میں رکھتے ہوئے مودی جی کے محبوب وزیراعلیٰ اس بات پر غور کریں کہ وہ ماحولیات کے تحفظ میں کس قدر سنجیدہ ہیں۔ اسی کے ساتھ وہ گرفتار ہوئے تمام طالب لوگوں کی فوری رہائی کا حکم دیں۔