یوتھ کانگریس کے نومنتخبہ صدر عبدالغفار کی گلپوشی

0 5

ناندیڑ:15؍ستمبر(عبدالرحمٰن):ناندیڑ جنوب حلقہ اسمبلی یوتھ کانگریس کے نومنتخبہ صدر عبدالغفار عبدالستار کو آج حمیدیہ کالونی کے ساکنان کی جانب سے تہنیت پیش کی گئی۔اس ضمن میں عبدالغفار کے اعزاز میں ایک تہنیتی تقریب کا انعقاد مسجد علی سے قریب ہلال نگر میں کیا گیا۔اس تقریب میں ہلال نگر،بلال نگر، حمیدیہ کالونی،قدوائی نگر،پاکیزہ نگر وغیرہ علاقوں کے عوام ، نوجوانوں اور سماجی کارکنان نے عبدالغفار کی زبردست گل پوشی کی اور ان کی عمدہ کارکردگی کے لئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عبدالغفار نے تہنیت پیش کرنے پر تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے تیقن دیا کہ وہ تمام نوجوانوں کی بہبود کے لئے کام کریں گے۔بالخصوص نوجوانوں کی تعلیمی و پیشہ ورانہ بہبود کے لئے کاوشیں کرنے کے عزم کا انہوں نے اظہار کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سماجی کارکن سید مصطفیٰ نے کہا کہ عام طور پر ہمارے لیڈر وں کی سوچ کارپوریٹر بننے تک محدود ہوتی ہے۔ایسے لیڈروں کی سیاست گلی سے شروع ہوکر وارڈ پہنچ کر ختم ہوجاتی ہے۔لیکن عبدالغفار نے اس ضمن میں ایک قابل تقلید کاکام کیا ہے۔وہ صر ف وارڈ یا گلی محلے تک محدود نہیں رہے بلکہ ان کا نام ضلع بھر میں لیا جاتا ہے۔تمام طبقات کے لوگ انہیں بخوبی جانتے اور ان کی صلاحیتوں سے واقف ہیں۔عبدالغفار کی گلپوشی کرنے والوں میں قدوائی نگر کے معروف سماجی خدمتگار سید مصطفیٰ ،شیخ منیر،سید یٰسین،فیروز قریشی،حاجی عثمان،احمد بھائی برف والے و دیگر شامل ہیں۔