رافیل گھوٹالے کے خلاف25 ستمبر کو کانگریس کا احتجاجی مورچہ

ناندیڑ۔15ستمبر(نامہ نگار) : لوک سبھا چناﺅ میںنریندر مودی نے ”نہ کھاﺅ گا نہ کھانے دوں گا“کا نعرہ دے کر اقتدار حاصل کیا۔ مگر مودی کی حکومت میں رافیل ہیلی کاپٹر خریدی میں کروڑوں روپیئے کا گھوٹالا ہوا ہے۔ ملک کے تحفظ کے لئے استعمال ہونے والے ہیلی کاپٹر کی خریدی کے معاملہ میں گھوٹالہ کرکے بی جے پی نے اپنے ہاتھ کالے کیئے ہیں۔ رافیل گھوٹالے کے خلاف مہاراشٹر پردیش کانگریس کے صدر اشوک چوہان کے زیرِ قیادت 25ستمبر بروز منگل کو ناندیڑ شہر و ضلع کانگریس کمیٹی کی جانب سے ایک احتجاجی مورچہ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اس طرح کی اطلاع کانگریس کے شہر صدر و ایم ایل سی امر ناتھ راجورکر نے دی ہے۔ رافیل گھوٹالے کے خلاف نکالے جانے والے مورچے کی تیاری کے سلسلے میں ناندیڑ کے پارٹی دفتر میں آج جائزہ اجلاس منعقد ہوا تھا۔ ناندیڑ ضلع کے تمام 16 تعلقوں کے ذمہ داروں کو ہزاروں کی تعداد میں اس مورچے میں شامل ہونے کی ہدایت دی گئی۔ ناندیڑ شہر میں کارپوریٹرس کو بھی اپنے اپنے پربھاگ سے سینکڑوں افراد لانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ کانگریس پارٹی کے تمام فرنٹ اور سیل کے ذمہ داران کو امر راجورکر نے مورچے کی تیاری کے سلسلے میں ذمہ داریاں سونپی ہیں۔ 25ستمبر کو صبح 10 بجے کانگریس پارٹی کے قائدین اور ہزاروں ورکرس مہاتما پھلے مجسمہ کے روبرو آئی ٹی آئی پر جمع ہونگے اور وہاں سے رکن پارلیمنٹ اشوک چوہان کی قیادت میں ایک مورچہ نکالا جائے گا جو شیواجی نگر ‘ کلا مندر‘ وزیر آباد چوراستہ ہوکر کلکٹر آفس پہنچے گا۔

Leave a comment