ممبئی ۔10؍ اکتوبر ( پریس ریلیز ) پوسد میں پولیس اہلکاروں پر حملہ کرنے کے الزام میں دہشت گردی کے دفعات کے تحت ملزم عبد الملک پر مقدمہ درج کرنے والی مہا راشٹر حکومت اور اے ٹی ایس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے جواب طلب کیا ہے اور کہا ہے کہ ابھی تک اسے ضمانت کیوں نہیں دی گئی ہے ۔ اس مقدمہ کی پیروی کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء مہا راشٹر نے نچلی عدالتوں سے ملزم کی ضمانت رد ہونے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا اور عبد المک کی ضمانت کے لئے در خواست داخل کی تھی جس پر سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے اے ٹی ایس سے جواب طلب کیا ہے۔یہ اطلاع آج یہاں جمعیۃ علماء مہا راشٹر کے لیگل سکریٹری ایڈوکیٹ تہور خان پٹھان نے دی ہے ۔ وا ضح رہے کہ عید الاضحی ۲۰۱۵ء کے موقع پر پولیس اہلکاروں پر قاتلانہ حملہ دہشت گردانہ کاروائی سے دو چار پوسد شہر میں پولیس اہلکاروں پر چھرہ زنی معا ملہ میں ِیو اے پی اے کے تحت سخت ترین الزا مات کا سامنا کر رہے تعلیم یا فتہ مسلم نو جوان عبد الملک کو انصاف دلانے کے لئے جمعیۃ علماء مہا راشٹر اپنی لیگل ٹیم کے ذریعہ بیش قیمتی قا نونی نکات پر کارروائی شروع کی تھی اور ان قانونی نکات کی بنیاد پر عبد الملک کی ضمانت طے ما نی جا رہی تھی لیکن کسی نا معلوم وجوہات کی وجہ سے نچلی عدالتوں نے ضمانت دینے سے انکار کر دیا تھا ۔ یہ بھی ملاحظہ رہے کہ اکولہ سیشن کورٹ میں اس کیس کا ٹرائل روز بروز کی بنیاد پر جاری ہے اور اخیر مرحلہ میں ہے امید ہے کہ اس ماہ کے آخر تک فیصلہ بھی آجائے گا۔ مقدمہ کی نو عیت اور قانونی نکات کو مد نظر رکھتے ہوئے مقدمہ سپریم کورٹ میں داخل کیا گیا ،شروعات کی بحث کو کافی سنجیدگی سے سننے کے بعد عدالت عالیہ نے مہا راشٹر اے ٹی ایس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اس سے جواب طلب کیا ہے کہ ابھی تک ملزم کو ضمانت کیوں نہیں دی گئی ، عدالت عالیہ کی حالیہ سماعت سے امید کی جا رہی ہے کہ ملزم کو انصاف ضرورملے گا ۔ اس موقع پر جمعیۃ علماء مہا راشٹرکے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی نے کہا کہ یہ مقدمہ کئی مراحل سے گذرتا ہوا سپریم کورٹ پہونچا ہے ،پہلے ملزم عبد الملک کو ضمانت پر رہاء کرانے کے لئے اکولہ خصوصی کورٹ اور ناگپور ہائی کورٹ میں اپیل داخل کی گئی تھی، وہاں سے انصاف نہ ملنے کے بعد ہم نے سپریم کورٹ میں در خواست ضمانت کی اپیل دائر کی ہے جسکی سماعت بھی شروع ہو چکی ہے، عنقریب ملز م کے حق میں فیصلہ آنے کی امید بھی کی جا رہی ہے ۔اس کیس کی پیروی جمعیۃ علماء مہا راشٹر کی جا نب سے ایڈوکیٹ فرخ رشید خان آن ریکارڈ سپریم کورٹ ،ایڈوکیٹ ابو بکر سباق ایڈوکیٹ تہور خان پٹھان لیگل سکریٹری جمعیۃ علماء مہا راشٹر کرر ہے ہیں۔