لبنانی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ منگل کے روز جنوبی لبنان پر اسرائیلی فضائی حملوں میں 31 افراد ہلاک ہو گئے، جن میں دو بچے بھی شامل ہیں۔
جنگ بندی کے باوجود اسرائیل نے لبنان پر اپنے حملے تیز کر دیے ہیں۔ اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے اعلان کیا کہ انھوں نے اسرائیلی فوج کو لبنان میں فوجی کارروائیاں بڑھانے کا حکم دیا ہے تاکہ حزب اللہ کو ’کچل دیا جائے‘۔
اسرائیلی فوج نے کہا کہ بدھ کی صبح لبنان سے ایک میزائل داغا گیا جو اسرائیل کے اندر داخل ہو کر ایک کھلے علاقے میں گرا۔ اس سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے حزب اللہ کے 100 سے زائد مقامات کو نشانہ بنایا، جبکہ اس نے جنوبی لبنان کے وسیع علاقوں کے رہائشیوں کو علاقہ چھوڑنے کی ہدایت دی ہے۔ اس دوران یہ اطلاعات بھی ہیں کہ اسرائیلی فوجی لبنان میں ان علاقوں سے بھی آگے بڑھ رہے ہیں جہاں وہ گذشتہ ماہ جنگ بندی کے معاہدے کے بعد تعینات تھے۔.
مقامی امدادی کارکنوں اور عینی شاہدین کے مطابق غزہ شہر کے ایک مصروف ترین بازار میں واقع رہائشی عمارت پر اسرائیل کے فضائی حملے کے نتیجے میں کم از کم تین فلسطینی ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے۔
اسرائیلی حملے میں غزہ شہر کے مرکز میں واقع الکیالی عمارت کی بالائی تین منزلوں کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ حملہ ایسے وقت کیا گیا جب علاقے میں لوگوں کی بڑی تعداد عید الاضحیٰ سے قبل خریداری کے لیے آئی ہوئی تھی۔
امدادی اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، لیکن شدید تباہی اور علاقے میں ہجوم کے باعث عمارت کی بالائی منزلوں تک رسائی میں مشکلات پیش آئیں۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ کم از کم پانچ میزائل تقریباً بیک وقت اور مختلف سمتوں سے عمارت پر آ گرے۔یہ غزہ پر اسرائیل کا تازہ ترین مہلک حملہ ہے۔