ناندیڑ :25/ مئی (ورق تازہ نیوز)شہر کے نگینہ گھاٹ علاقے میں دریائے گوداوری میں ڈوب کر دو نوجوانوں کی افسوسناک موت ہو گئی۔ یہ دل دہلا دینے والا واقعہ اتوار کے روز پیش آیا، جس کے بعد علاقے میں غم و افسوس کی لہر دوڑ گئی۔
مرنے والوں کی شناخت گنیش سنتوش ڈونگرے (19 سال) اور رنویر یشونت شنگاڑے (14 سال) کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں نوجوان کھوبراگڑے نگر، ناندیڑ کے رہائشی تھے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق گنیش اور رنویر نگینہ گھاٹ کے قریب دریائے گوداوری کے کنارے گئے تھے۔ اسی دوران وہ دریا میں اترے، لیکن پانی کی گہرائی کا اندازہ نہ ہونے کے سبب دونوں گہرے پانی میں چلے گئے اور ڈوب گئے۔ موقع پر موجود شہریوں نے انہیں بچانے کی کوشش کی، تاہم اس وقت تک کافی دیر ہو چکی تھی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد، پولیس اور ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ سرچ آپریشن چلا کر دونوں نوجوانوں کی لاشیں دریا سے باہر نکالی گئیں، جنہیں بعد ازاں پوسٹ مارٹم کے لیے سرکاری اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
اس افسوسناک واقعے کے بعد کھوبراگڑے نگر علاقے میں سوگ کا ماحول ہے جبکہ اہل خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے۔ پولیس نے حادثاتی موت کا مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں، جس کی جانچ پولیس اہلکار اتاوڈ کر رہے ہیں۔