مہاراشٹر گورو رتھ یاترا کا شاندار آغاز، سنیل تتکرے نے دکھائی ہری جھنڈی
ریاست کے پانچوں خطوں سے مقدس مٹی اور ندیوں کا پانی منگل کلش میں بھر کر ممبئی لایا جائے گا
ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس کی جانب سے مہاراشٹر کے 65 ویں یومِ تاسیس کے موقع پر ’مہاراشٹر مہوتسو‘ منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کی شروعات آج شاندار انداز میں ’مہاراشٹر گورو رتھ یاترا‘ سے کی گئی۔ اس یاترا کا افتتاح ریاستی صدر اور رکن پارلیمنٹ سنیل تٹکرے کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر پارٹی کے سرکردہ قائدین اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔
یہ رتھ یاترا مہاراشٹر کے پانچوں اہم خطوں مرہٹواڑہ، ودربھ، مغربی مہاراشٹر، شمالی مہاراشٹر اور کوکن سے گزرے گی۔ اس دوران ریاست کے مختلف مذہبی، روحانی اور تاریخی مقامات سے مقدس مٹی، قلعوں کی خاک اور ندیوں کا پانی ’منگل کلش’ میں جمع کیا جائے گا، جسے یکم مئی سے قبل ممبئی لایا جائے گا، جہاں مرکزی تقریب منعقد ہوگی۔
یاترا کے دوران ہنگولی، پربھنی، ناندیڑ، لاتور، دھاراشیو، بیڑ، جالنہ، چھترپتی سنبھاجی نگر، ناگپور، گڈچرؤلی، چندرپور، امراؤتی، اکولہ، وردھا، سندھودرگ، رتناگیری، تھانے، پالگھر، کولہا پور، پونے، شولاپور، جلگاؤں، نندوربار، ناسک جیسے اضلاع سے ندیوں کا پانی اور مہا پرشوں کی سرزمین کی پاک مٹی جمع کی جائے گی۔
اس موقع پر سابق وزیر سنجے بنسوڈے، رکن اسمبلی شیواجی راؤ گرجے، ترجمان آنند پرانجے، یوتھ ونگ کے صدر سورج چوہان، ممبئی کے صدر سدھارتھ کامبلے، آرتی سالوے، منیشا تُپے، سنیل گیری اور دیگر قائدین موجود تھے۔
سنیل تٹکرے نے کہا کہ یہ رتھ یاترا مہاراشٹر کی عظمت، تاریخ، وراثت اور اتحاد کی علامت ہے۔ ہم ریاست کے کونے کونے سے وہ مٹی اور پانی ممبئی لا رہے ہیں جسے ہمارے عظیم بزرگوں، مجاہدینِ آزادی، اور روحانی شخصیات نے مقدس بنایا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق ممبئی میں ہونے والی مرکزی تقریب میں یہ منگل کلش ریاست کے وقار کی علامت کے طور پر پیش کیا جائے گا۔ رتھ یاترا کے راستے میں جگہ جگہ عوامی استقبال، ثقافتی پروگرام اور دعائیہ مجالس کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے۔ پارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بڑی تعداد میں اس مہم میں شریک ہوکر ریاست کی تاریخ اور تہذیب سے جڑنے کا پیغام عام کریں۔