ناندیڑ (ورق تازہ نیوز): مہاراشٹر پولیس کے تحت ضلع ناندیڑ میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ناندیڑ کے سندھ کھیڈ پولیس نے ایک عادی ملزم کو قانون کے تحت تین اضلاع سے چھ ماہ کے لیے جلاوطن (ہَد پار) کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم شیخ جاوید شیخ جلیل، ساکن پڑسا تعلقہ ماہور، کے خلاف سرکاری کام میں رکاوٹ ڈالنے، ریت اسمگلنگ، ڈکیتی اور علاقے میں خوف کا ماحول پیدا کرنے جیسے سنگین جرائم درج تھے۔ اس کے پیش نظر اس کے خلاف ممبئی پولیس ایکٹ 1951 کے تحت کارروائی کی گئی۔یہ تجویز سندھ کھیڈ پولیس اسٹیشن کی جانب سے اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر رمیش جادھوَر کی رپورٹ پر پیش کی گئی تھی، جسے سب ڈویڑنل مجسٹریٹ کنوٹ نے منظور کیا۔
اس کے بعد مجاز افسر جنیت دونتولا (اسسٹنٹ ضلع کلکٹر و سب ڈویڑنل مجسٹریٹ، کنوٹ) نے حکم جاری کرتے ہوئے ملزم کو ناندیڑ، ہنگولی اور یوت مال اضلاع سے 6 ماہ کیلئے جلاوطن کر دیا۔حکم کے مطابق ملزم بغیر اجازت ان اضلاع میں داخل نہیں ہو سکے گا، ورنہ اس کے خلاف مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔ یہ حکم 25 مارچ 2026 کو جاری کیا گیا۔پولیس سپرنٹنڈنٹ اویناش کمار کی ہدایت پر “آپریشن فلیش آو¿ٹ” کے تحت ضلع میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف مہم جاری ہے۔
سال 2026 کے دوران ایم پی ڈی اے کے تحت 8 افراد پر کارروائی جبکہ مجموعی طور پر 19 عادی مجرموں کو جلاوطن کیا جا چکا ہے۔پولیس نے واضح کیا ہے کہ ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے آئندہ بھی اس طرح کی سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔