NCP Urdu News 22 April 25

متعدد اضلاع کے سرکردہ رہنماؤں کی این س پی میں شمولیت، پارٹی کو نئی طاقت اور توانائی ملی: اجیت پوار

ممبئی: این سی پی کے قومی صدر اور ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے آج پارٹی میں شامل ہونے والے نئے اراکین کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کی طرف سے کبھی کسی کے ساتھ بھید بھاؤ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے جو بات درست لگتی ہے، میں وہی کام کرتا ہوں۔ جس سے وعدہ کیا، اس کا کام کبھی ادھورا نہیں چھوڑا۔ آج آپ پارٹی میں شامل ہوئے ہیں، مگر میری طرف سے کبھی امتیازی سلوک نہیں ہوگا۔

آج ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم کے ایم سی اے لاؤنج میں سانگلی، بیڑ، ایوت محل اور دیگر اضلاع کے مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں اور عہدیداروں نے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔

اجیت پوار نے اس موقع پر کارکنوں کو ہدایت دی کہ وہ رکنیت سازی کے عمل کو تیز کریں اور بتایا کہ مقامی خودمختار اداروں کے انتخابات کسی بھی وقت منعقد ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں سے انتخابات نہیں ہوئے ہیں، کیونکہ یہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے۔ حکومت اس پر جلد فیصلہ لانے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ مختلف طبقوں کو نمائندگی مل سکے۔ انتخابات جلد ہوئے تو نئے چہروں کے ساتھ ساتھ تجربہ کار افراد کو بھی موقع ملے گا۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ این سی پی ایک ایسی پارٹی ہے جو انسانوں سے رشتہ جوڑتی ہے اور کسانوں سے اس کا گہرا تعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ہمیشہ عام آدمی کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی رہے گی۔ اپنے خطاب میں اجیت پوار نے سانگلی اور ساتارا اضلاع کی سیاسی تاریخ کو یاد کرتے ہوئے مرحوم یشونت راؤ چوہان اور وسنت دادا پٹیل کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان کی جوڑی عام عوام کے دلوں پر نقش ہو گئی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ذات، پات اور مذہب سے بالاتر ہوکر ہم ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے دیے گئے آئین کے مطابق ملک کا نظام چلا رہے ہیں، اور ہمارا ملک اسی آئین پر چل رہا ہے۔

سانگلی سمیت دیگر اضلاع کے رہنماؤں کی شمولیت پارٹی کے لیے طاقت کا باعث: سنیل تٹکڑے

این سی پی کے ریاستی صدر اور رکن پارلیمنٹ سنیل تٹکڑے نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانگلی کے تجربہ کار رہنماؤں کی پارٹی میں شمولیت سے ہمیں نئی توانائی ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی مہاراشٹر میں کوآپریٹو تحریک کی بنیاد پڑی اور اسے وسعت ملی۔ اس طرح کے ضلع کی پشت پر حکومت کی مکمل طاقت کھڑی ہونی چاہیے۔ سانگلی کا اپنا ایک خاص سیاسی پیٹرن رہا ہے، لیکن اب ہمیں ایک نیا پیٹرن کھڑا کرنا ہے، جسے آپ لوگ ضرور قائم کریں گے۔ سنیل تتکڑے نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیڑ اور سانگلی اضلاع سے طویل سیاسی تجربہ رکھنے والے رہنما آج پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں، جو ہمارے لیے قابل فخر بات ہے۔

سانگلی ضلع کے شرالا اسمبلی حلقہ سے سابق وزیر شیواجی راؤ نائک، جت سے سابق رکن اسمبلی وِلاس راؤ جگتاپ، خاناپور-آٹپاڈی سے سابق رکن اسمبلی راجندر انا دیشمکھ، سانگلی ضلع سینٹرل کوآپریٹو بینک کے سابق نائب صدر رندھیر نائک، سابق ضلع پریشد رکن تممن گوڑا روی پاٹل، بی جے پی یوتھ ونگ کے نائب صدر سنگرام جگتاپ، سابق دیہی صدر انیل سرجے راؤ پاٹل، نلیش یسگوڑے، پرمود ساونت، نِورُتّی شندے سمیت بڑی تعداد میں شرالا، خاناپور، پلوس، اسلام پور، جات اور تاسگاؤں سے عہدیداران نے این سی پی میں شمولیت اختیار کی۔

اسی طرح، بیڑ ضلع کے کیج تعلقہ سے رمیش آڈسکر، انکوش انگلے، بھارت پنگلے، سنیل شنگارے، نیلکنٹھ بھوسلے، کاکڑے گروجی، سنبھاجی انگلے، لکشمی کانت لاڈ، کیج میونسپل کونسل کی صدر سیتا تائی بنسود، گروپ لیڈر ہارون انعامدار، کونسلر اظہر انعامدار، راجو انعامدار، ریشما انعامدار، آشا تائی کرڈ سمیت مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے متعدد رہنماؤں نے این سی پی میں شمولیت اختیار کی۔ اس کے علاوہ کلیان-ڈومبیولی سے پرتیک والیلکر، جے جیپال، پون والیلکر، شالک پاٹل، سچن پاٹل سمیت درجنوں کارکنان نے بھی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔

اس موقع پر این سی پی کے قومی صدر اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت دادا پوار، قومی ورکنگ صدر و رکن پارلیمنٹ پرفُل پٹیل، ریاستی صدر و رکن پارلیمنٹ سنیل تٹکڑے، سینئر لیڈر و سابق وزیر نواب ملک، خزانچی و رکن اسمبلی شیواجی راؤ گرجے، وزیر مملکت اندرنیل نائک، رکن اسمبلی سنا ملک، وجے سنگھ پنڈت، ادریس نائیک واڑی، اقلیتی سیل کے قومی صدر سید جلال الدین، یوتھ ونگ کے ریاستی صدر سورج چوہان، او بی سی سیل کے ریاستی صدر کلیان کھاڑے، سابق رکن اسمبلی سنجے دونڈ، سندھیا سونونے، ڈپٹی خزانہ دار سنجے بورگے، ریاستی جنرل سیکریٹری لطیف تمبولی، جنوب ممبئی ضلع صدر مہندر پانسرے سمیت سانگلی، بیڑ، ایوت محل، کلیان-ڈومبیولی کے ضلعی صدور، پارٹی کارکنان اور عہدیداران بڑی تعداد میں موجود تھے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading