کھیل رتن، ارجن اور دروناچاریہ اسپورٹس ایوارڈ کے فاتح کھلاڑیوں کو نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی جانب سے مبارکباد

ممبئی: مرکزی وزارت کھیل کی جانب سے دیے جانے والے میجر دھیان چند کھیل رتن ایوارڈ کے لیے اس سال اولمپک میڈل جیتنے والی نشانے باز منو بھاکر، عالمی چیمپیئن شطرنج کھلاڑی ڈی گوکش، ہاکی کھلاڑی ہرمن پریت سنگھ اور پیرا ایتھلیٹ پروین کمار کا انتخاب ہوا ہے۔ اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ اور مہاراشٹر اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر اجیت پوار نے ان کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔

اسی طرح نمایاں کارکردگی پر ارجن ایوارڈ حاصل کرنے والے نشانے باز سوپنل کسالے، پیرا ایتھلیٹ سچن کھلارے اور دروناچاریہ ایوارڈ کے لیے منتخب دیپالی تائی دیشپانڈے سمیت تمام کھلاڑیوں کو بھی اجیت پوار نے خصوصی طور پر مبارکباد دی ہے۔ اجیت پوار نے کہا ہے کہ ان ایوارڈز کا اعلان ان کھلاڑیوں کی محنت اور عالمی سطح پر بھارتی کھیلوں کا نام بلند کرنے کے اعتراف کے طور پر کیا گیا ہے۔ منو بھاکر نے پیرس اولمپکس میں دو میڈل جیت کر جو خوشی اور فخر کے لمحات بھارت کو دیے ہیں، ان کی مثال نہیں ملتی۔

اجیت پوار نے کہا کہ ڈی گوکش نے حال ہی میں شطرنج میں عالمی چیمپیئن بن کر اپنا نام تاریخ میں درج کرایا۔ ان کا شاندار کھیل اور چیمپیئن بننے کے بعد کا انکساری و متانت پر مبنی رویہ نہ صرف بھارت بلکہ عالمی اسپورٹس کی عزت بڑھانے والا ہے۔ بھارتی ہاکی ٹیم کے لیے مسلسل دو اولمپک میڈلز جیتنے والے ہرمن پریت سنگھ اور پیرا ایتھلیٹ پروین کمار کی کارکردگی بھی کھیل رتن ایوارڈ کا وقار بڑھانے والی ہے۔

اجیت پوار نے کھیل رتن، ارجن، نیشنل اسپورٹس پروموشن ایوارڈ اور مولانا ابوالکلام آزاد ٹرافی کے تمام فاتح کھلاڑیوں، اداروں اور تنظیموں کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading