ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی جینتی پر نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کا خراجِ عقیدت

ڈاکٹر بابا صاحب کے افکار میں پوری انسانیت کی فلاح کی قوت پوشیدہ ہے: اجیت پوار

ممبئی: ہندوستانی آئین کے معمار، مہان انسان، ’وشو رتن‘ اور ’بھارت رتن‘ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی جینتی کے موقع پر ریاست مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے ڈاکٹر صاحب کے انقلابی کارناموں اور آفاقی نظریات کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ریاست کے تمام شہریوں کو جینتی کی مبارکباد دی۔

اجیت پوار نے اپنے پیغام میں کہا کہ ڈاکٹر بابا صاحب نے اس ملک کو دنیا کا سب سے عظیم آئین عطا کیا، جس نے سیاسی، سماجی، ثقافتی، روحانی اور جغرافیائی تنوع سے بھرپور بھارت کو اتحاد، مساوات اور اخوت کے رشتے میں پرو دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر نے جہالت، ناانصافی، توہم پرستی، چھوت چھات اور ذات پات جیسے ناسوروں کے خلاف زبردست جدوجہد کی، اور ہر فرد کو عزت کے ساتھ جینے کا حق دلایا۔ محروم، پسے ہوئے اور پسماندہ طبقات کو مساوات اور خودداری کی طاقت بخشی۔ ان کا پیغام ’پڑھو، منظم ہو جاؤ اور جدوجہد کرو‘ نے کئی نسلوں کی قسمت سنواری۔

نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ڈاکٹر بابا صاحب کی دی ہوئی آئینی رہنمائی نے اس ملک کے ہر شہری کو، خواہ وہ امیر ہو یا غریب، مرد ہو یا عورت، ایک جیسے ووٹ کا حق عطا کیا۔ انہوں نے ہر شہری کو عزت کے ساتھ جینے کا حق اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کیے۔ ان کے افکار کسی خاص ذات، مذہب، فرقہ یا علاقے کے لیے نہیں تھے، بلکہ ان میں ساری انسانیت کی فلاح کا پیغام موجود ہے۔

اجیت پوار نے کہا کہ ڈاکٹر بابا صاحب کے نظریات کو آگے بڑھانا، تمام طبقات کو ساتھ لے کر ملک کی ہمہ جہت ترقی کے لیے کوشش کرنا ہی ان کو سچا خراج ہوگا۔ ملک کی سیاست، معیشت اور سماج کو امید افزا سمت دینے کا کام ڈاکٹر صاحب نے کیا۔ یہ ہماری خوش نصیبی ہے کہ ایسا عظیم رہنما ہمارے ملک میں پیدا ہوا، جس نے نہ صرف ایک بے مثال آئین تشکیل دیا بلکہ کئی میدانوں میں اپنی بے پناہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر بابا صاحب دور اندیش رہنما تھے، جن کی شخصیت ہمہ جہتی تھی۔ وہ ایک ماہرِ قانون، آئینی ماہر، ماہرِ معاشیات، مصنف، صحافی، مصور اور موسیقار بھی تھے۔ مہاڑ کے چودر تالاب پر کیا گیا ان کا ستیہ گرہ، منوسمرتی نذرِ آتش کی تحریک، کسانوں کے حقوق کے لیے دی گئی قربانیاں اور ریزرو بینک آف انڈیا کے قیام میں ان کی اہم شرکت، یہ تمام اُن انقلابی تحریکوں کی روشن مثالیں ہیں جنہوں نے ہندوستانی معاشرت، سیاست اور معیشت کو ایک نئی جہت عطا کی۔

نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر بابا صاحب کے افکار کو گھر گھر تک پہنچایا جائے تاکہ ملک میں اتحاد، سالمیت اور خودمختاری کو تقویت ملے۔ مساوات، اخوت اور بھائی چارے کی فضا کو مضبوط کرنے کے لیے ہر فرد کو آگے آنا ہوگا۔ یہی ڈاکٹر صاحب کے نظریات کو عملی خراج پیش کرنے کا سچا طریقہ ہے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading