نیپال میں پھنسے مہاراشٹر کے سیاحوں کو بحفاظت واپس لانا اولین ترجیح: اجیت پوار
ممبئی: نیپال میں جاری سیاسی کشدگی اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے تناؤ کے پس منظر میں وہاں پھنسے ہوئے مہاراشٹر کے سیاحوں کو بحفاظت واپس لانے کے لیے ریاستی حکومت جنگی پیمانے پر اقدامات کر رہی ہے۔ وزارتِ خارجہ اور مہاراشٹر سدھن کے ذریعے ریاستی حکومت نیپال میں بھارتی سفارتخانے کے مسلسل رابطے میں ہے اور وہاں موجود سیاحوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ ہر ایک سیاح کو محفوظ طریقے سے گھروں تک پہنچانا اور ان کے اہلِ خانہ کو اطمینان دلانا ہی حکومت کی سب سے بڑی ترجیح ہے، اس لیے مہاراشٹر کے سیاحوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، ایسا اپیل نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار نے کیا ہے۔
اب تک موصولہ اطلاعات کے مطابق، ریاست کے تھانے، پونے، ممبئی، لاتور اور کولہاپور اضلاع کے تقریباً 100 سیاح نیپال میں پھنسے ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ بیڈ ضلع سے گئے کچھ سیاح نجی گاڑیوں کے ذریعے سڑک کے راستے واپس روانہ ہو چکے ہیں اور وہ اتر پردیش کے گورکھپور تک پہنچ گئے ہیں۔ سب سے زیادہ سیاح تھانے ضلع کے مُراباڈ علاقے سے ہیں۔ ریاستی حکومت ان تمام پھنسے ہوئے سیاحوں کو ضروری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پوری طرح سرگرم ہے اور ان سے مسلسل رابطے میں ہے۔ تمام سیاح محفوظ ہیں، یہ اطلاع بھی نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار نے دی ہے۔