سنیترہ اجیت پوار نے نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کا چارج سنبھال لیا، دادا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے جذباتی ہوگئیں

ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کی سینئر لیڈر اور مہاراشٹر کی نائب وزیر اعلیٰ سنیترہ اجیت پوار نے منگل کے روز منترالیہ میں اپنے عہدے کا باضابطہ طور پر چارج سنبھال لیا۔ اس سے قبل انہوں نے پارٹی لیڈروں کے ہمراہ ممبئی کے مشہور سِدھی وِنایک مندر میں حاضری دی اور پوجا کی، جس کے بعد وہ چَیتیہ بھومی پہنچیں جہاں انہوں نے بھارت رتن ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اس کے بعد سنیترہ اجیت پوار نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے ریاستی دفتر پہنچیں، جہاں انہوں نے پارٹی دفتر میں واقع اجیت دادا پوار کے کمرے میں ان کی تصویر پر گلہائے عقیدت نچھاور کیے۔ اس موقع پر وہ جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور کچھ لمحوں تک خاموشی کے ساتھ تصویر کے سامنے کھڑی رہیں۔ اس کے بعد وہ منترالیہ روانہ ہوئیں اور نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔ عہدہ سنبھالنے کے موقع پر نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے قومی کارگزار صدر اور رکن پارلیمنٹ پرفُل پٹیل، ریاستی صدر اور رکن پارلیمنٹ سنیل تٹکرے، سینئر لیڈر اور خوراک و شہری رسد کے وزیر چھگن بھجبل، نوجوان لیڈر پارتھ پوار، طبی تعلیم کے وزیر حسن مشرف، سینئر لیڈر اور سابق وزیر نواب ملک، سابق وزیر دھننجے منڈے، اسمبلی کے نائب اسپیکر انا بنسوڈے، تعاون کے وزیر باباصاحب پاٹل، خوراک و ادویات انتظامیہ کے وزیر نرہری جھروال، خواتین و اطفال ترقی کی وزیر ادیتی تٹکرے، سیاحت کے ریاستی وزیر اندرنیل نائک، پارٹی کے خزانچی شیواجی راؤ گرجے، ریاستی نائب صدر پرمود ہندوراؤ، خواتین ونگ کی ریاستی صدر روپالی چاکنکر کے علاوہ متعدد وزرا، اراکین اسمبلی، عہدیداران اور کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔

پارٹی حلقوں میں اس موقع پر یہ تاثر نمایاں رہا کہ سنیترہ اجیت پوار نے اپنے عہدے کی شروعات محض ایک آئینی رسم کے طور پر نہیں بلکہ اجیت پوار کی یاد، ان کے نظریات اور عوامی خدمت کے مشن کو آگے بڑھانے کے عزم کے ساتھ کی ہے۔ پارٹی لیڈروں اور کارکنان نے امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں ریاستی حکومت استحکام، انتظامی سنجیدگی اور عوامی فلاح کے امور پر مؤثر انداز میں کام کرے گی۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading