ریاست کا ماحول مہاوکاس اگھاڑی کے حق میں ہے: جینت پاٹل
مہاراشٹر کے خزانے کو آگ لگا کر اقتدار کی دیوالی – ڈاکٹر امول کولہے
دھولیہ: نیشنلسٹ کانگریس شرد چندر پوار پارٹی کے ریاستی صدر جینت پاٹل نے کہا ہے کہ مہاوکاس اگھاڑی کے حق میں پورے مہاراشٹر میں مثبت ماحول ہے۔ انہوں نے یہ بات دھولیہ شہر میں منعقدہ شیوسوراجہ یاترا کے دوران کہی۔ ریاست میں تین پارٹیوں کی حکومت کے کالے کرتوتوں کو شیوسوراجیہ یاترا کے ذریعے عوام کے سامنے بے نقاب کیا جا رہا ہے۔
این سی پی-ایس پی کے ریاستی صدر جینت پاٹل نے کہا کہ تین پارٹیوں کی حکومت نے منصوبوں کی بارش کی ہے اور کئی ترقیاتی کام ہاتھ میں لیے ہیں، لیکن انہیں مکمل کرنے کے لیے خزانے میں پیسہ نہیں ہے۔ حکومت نے ٹھیکیداروں کی ادائیگی روک دی ہے، جس سے ٹھیکیداروں کی خودکشی کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ ریاست بھر میں حکومت کی طرف سے کروڑوں روپے کے پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ ان پارٹیوں کے پاس اتنا پیسہ کہاں سے آ رہا ہے؟ سرکاری افسران کو یرغمال بنا کر جلسے کیسے منعقد کیے جا رہے ہیں؟ ہمارے آنگن واڑی کی خدمت گاروں کو دھمکایا جا رہا ہے تاکہ ان کے جلسوں میں بھیڑ لائی جائے۔
جینت پاٹل نے کہا کہ دھولیہ ضلع میں اقلیتی طبقے کی بڑی تعداد ہے، ایسے علاقوں میں فسادات کروانے کی سازش کی جا رہی ہے۔ کل ہمارے پروگرام کے دوران دونڈائیچہ شہر میں ماحول خراب کرنے کی کوشش کی گئی۔ جن کے ہاتھوں میں لاٹھیاں اور پتھر تھے، انہیں گرفتار نہیں کیا گیا، بلکہ جو لوگ جائے وقوعہ پر موجود نہیں تھے، ان پر مقدمے درج کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ مہایوتی میں شامل تینوں پارٹیوں کو حکومت کے جانے کا خوف پیدا ہو چکا ہے، اس لیے یہ لوگ مذہبی اور ذات پات کے فسادات بھڑکانے کی آخری کوشش کر رہے ہیں، لیکن ہمیں ان کی سازش کامیاب نہیں ہونے دینی ہے۔ ہمیں متحد ہو کر ان کا مقابلہ کرنا ہے۔
مہاراشٹر کے خزانے کو آگ لگا کر اقتدار کی دیوالی – ڈاکٹر امول کولہے
مہاوکاس اگھاڑی کی شیوسوراجیہ یاترا کے دوران ایم پی ڈاکٹر امول کولہے نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مہاراشٹر کے خزانے کو آگ لگا کر اقتدار کی دیوالی منائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر میں نوجوانوں کے روزگار کے حقوق چھینے جا رہے ہیں اور مہاراشٹر کی صنعتوں کو چھینا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ شیوسوراجیہ یاترا کو ریاست بھر میں عوام کی جانب سے زبردست حمایت حاصل ہو رہی ہے۔ کل 24 ستمبر کو شیوسوراجیہ یاترا ناسک ضلع کے دِنڈوری، چاندواڑ، اور یولا پہنچے گی۔
اس موقع پر ریاستی صدر خواتین ونگ ایڈوکیٹ روہنی تائی کھڈسے، ریاستی صدر یوتھ ونگ محبوب شیخ، ریاستی صدر اسٹوڈنٹس ونگ سنیل گاوانے، ریاستی سربراہ محکمہ سماجی انصاف پنڈت کامبلے، کامراج نکم، ضلع صدر جتندر مراٹھے، شہر ضلع صدر رنجیت راجے بھوسلے، جتندر ٹھاکر، سندیپ بیڈسے، سابق میئر کلپنا مہالے، انسپکٹر اُمیش پاٹل، باپو صاحب چودھری، شالی رام مالکر، جوزف مالبرے، ڈاکٹر وشال دالوی، سنجے پاٹل، سابق ایم ایل اے دلیپ سونونے، سایاجی ٹھاکر، نریندر ماراٹھے، انا سوریونشی، سنیل مہالے، بھولا شینگدانے، والمیک ماراٹھے، اور راجو چودھری سمیت دیگر عہدیدار اور کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے۔
