ریاست میں گیلی خشک سالی کا اعلان کرتے ہوئے کسانوں کے قرضہ جا ت مکمل معاف کیے جائیں

32
  • قابل کاشت اراضی کو 75 ہزار ہیکٹر اور باغبانی کو 1.5 لاکھ معاوضہ کے طور پر دیا جائے
  • بلقیس بانو کیس کے قصورواروں کی سزا معاف کر کے ان کا استقبال کرنے والی گجرات بی جے پی حکومت کی مذمت

  • مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کی توسیعی ایگزیکٹو میٹنگ میں قرارداد منظور

ممبئی:ریاست میں گیلی خشک سالی کا اعلان کرتے ہوئے کسانوں کے مکمل قرضہ جات معاف کیے جائیں اور شدید بارش سے متاثر ہونے والے عام کسانوں کو فی ہیکٹر 75ہزار روپئے اور باغبانی وپھل پیدا کرنے والے کسانوں کو فی ہیکٹر1.5 لاکھ روپئے دیئے جائیں۔ یہ قرارداد آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کی توسیعی ایگزیکٹو میٹنگ میں ریاستی صدر نانا پٹولے نے پیش کی۔ اس قرارداکی کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر بالاصاحب تھورات نے تائید کی اور قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔

یہ میٹنگ یشونت راؤ چوان پرتسٹھان کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔ اس میٹنگ میں سابق وزیر اعلیٰ اشوک چوہان، سابق ریاستی صدر مانیک راؤ ٹھاکرے، ریاستی ورکنگ صدرنسیم خان و چندرکانت ہنڈورے،ایم ایل اے کنال پاٹل، سابق مرکزی وزیر ولاس متیموار، سابق ایم پی بھال چندر منگیکر، حسین دلوائی، ایم ایل اے امر راجورکر، ایم ایل اے وجاہت مرزا، سکریٹری اور اے آئی سی سی کے شریک انچارج سونل پٹیل، آشیش دووا، نائب صدر موہن جوشی، بھا.ای نگرالے، ریاستی جنرل سکریٹری دیوانند پوار، پرمود مورے، سوشل میڈیا کے ریاستی سربراہ وشال متیموار وغیرہ موجود تھے۔

گجرات کی بلقیس بانو کے ساتھ زیادتی کے معاملے میں عمرقید کی سزا کاٹ رہے ۱۱/لوگوں کی سزا گجرات حکومت نے معاف کرتے ہوئے انہیں رہا کردیا۔ ان کی رہائی کے بعد ان مجرمین کا استقبال کیاگیا، مٹھائیاں تقیسم کی گئیں۔اس میٹنگ میں ریاستی کانگریس کے صدر ناناپٹولے نے اس واقعے کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کی جس کی بالاصاحب تھورات نے تائید کی اوریہ قرارداد بھی متفقہ طو رپر تمام شرکاء نے اس کو منظور کیا۔

مرکزی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے اور عام آدمی کا جینا مشکل ہو گیا ہے۔ کانگریس نے مہنگائی کے مسئلہ پر مرکزی حکومت کے خلاف کئی تحریکیں چلائیں لیکن حکومت اپنی نیند سے بیدار نہیں ہوئی۔ مہنگائی کے معاملے پر کانگریس کی جانب سے آئندہ ۴ ستمبر کو دہلی میں ایک ریلی کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیاہے۔ اس ریلی میں بڑی تعداد میں شریک ہوکر مرکزی کی بی جے پی حکومت کی آمریت کے خلاف آواز بلند کیجئے۔ یہ اپیل بھی ریاستی کانگریس کے صدر ناناپٹولے نے اس موقع پرکی ہے۔