مہنگائی کے پیشِ نظر ریاستی حکومت کے ذریعے دیا گیا ’دیوالی گفٹ‘ ناکافی
ممبئی:ریاستی حکومت کی کابینہ نے راشن کی دکانوں سے ایک کلو چنا دال، چینی، سوجی اور ایک لیٹر پام آئل راشن کارڈ ہولڈروں کو دیوالی پر 100 روپے میں دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس پر ریاستی کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر حکومت کا دیوالی کا یہ تحفہ ناکافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے پیش نظر حکومت ہر عام خاندان کے بینک اکاؤنٹ میں دیوالی کے تحفے کے طور پر 3000 روپے جمع کرے۔
اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کو لکھے خط میں نانا پٹولے نے کہا کہ ریاست کے لوگوں کے لیے دیوالی کو میٹھا بنانا حکومت کا فرض ہے۔ خاص طور پر ایسی صورتحال میں جب مہنگائی کی شرح بہت تیزی سے بڑھی ہے۔ اشیائے ضروریہ کی خریداری عام لوگوں کی پہنچ سے باہر ہو گئی ہے۔ ریاستی حکومت نے 100 روپے میں جو چار اشیاء فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے وہ ایک خاندان کے لیے ناکافی اور بہت کم ہیں۔
پٹولے نے کہا کہ اگر حکومت چاہتی ہے کہ ریاست کے عوام خوش اور میٹھی دیوالی منائیں تو ایکناتھ شندے کوایک حساس وزیر اعلیٰ ہونے کے ناطے ہر راشن کارڈ ہولڈر کے کھاتے میں 3000 روپے جمع کرنے چاہئیں۔