کانگریس میں نوجوان نسل کو قیادت کرنے کا بھرپور موقع ہے: بالاصاحب تھورات
ڈاکٹر دھول سنگھ موہتے پاٹل اپنے سیکڑوں کارکنان کے ساتھ کانگریس میں شامل
ممبئی: شولاپور ضلع کے نوجوان لیڈر واکلوج کے دھول سنگھ پرتاپ سنگھ موہتے پاٹل نے آج ریاستی صدر بالاصاحب تھورات اور سابق مرکزی وزیر سوشیل کمار شندے کی موجودگی میں اپنے سیکڑوں کارکنان کے ساتھ کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیارکرلی۔ اس موقع پر تھورات نے کہا کہ جس طرح آدمی پرمشکل وقت آتا ہے اسی طرح سیاسی پارٹیاں مشکل دور کی شکار ہوتی ہیں، کانگریس پر بھی مشکل کا دور ہے لیکن ان مشکلات سے پارٹی کامیابی کے ساتھ دوبارہ باہر نکل رہی ہے۔ کانگریس پارٹی سبھی کو ساتھ لے کر چلنے والی پارٹی ہے۔ کانگریس کی سوچ کو ملک کے مفاد کی سوچ ہے۔ پارٹی میں نوجوان لیڈرشپ پیدا کرنے کی ضرورت ہے اور نوجوان نسل کو پارٹی میں کام کرنے کا بھرپورموقع ہے۔
تلک بھون دادر میں ڈاکٹر دھول سنگھ موہتے پاٹل کی کانگریس پارٹی میں شمولیت کا پروگرام منعقد ہوا جس میں بالاصاحب تھورات وسوشیل کمار شندے کے علاوہ سابق ممبر پارلیمنٹ حسین دلوائی، ترجمان ڈاکٹر رتناکر مہاجن، ایم ایل اے دھیرج دیشمکھ، جنرل سکریٹری موہن جوشی، رام کشن اوجھا، پرکاش سوناؤنے، شولاپور کانگریس ضلع کمیٹی کے صدر پرکاش پاٹل، سکریٹری سید ذیشان احمد، راجارام دیشمکھ اور امیت کارنڈے سمیت سیکڑوں کارکنان موجود تھے۔ اس موقع پر تھورات نے کہا کہ ڈاکٹر دھول سنگھ ہرایک کی مدد کے لیے دوڑ پڑنے والے شخص ہیں۔ اکلوج واس کے اطراف کے علاقوں میں سماجی خدمات کے حوالے سے انہیں اہم مقام حاصل ہے۔ ان کی پارٹی میں شمولیت کی وجہ سے شولاپور ضلع میں کانگریس پارٹی مزید مضبوط ہوگی اور شولاپور ضلع پریشد کا چیئرمین کانگریس پارٹی کا ہی ہوگا، اس کے لیے آج سے ہی کام پر لگ جانا ہوگا۔
سینئر لیڈر سوشل کمار شندے نے کہا کہ کانگریس پارٹی شکشت سے خوف زدہ ہونے والی پارٹی نہیں ہے۔ ایک بار نہیں، دوبار نہیں بلکہ تین بار کانگریس پارٹی کو شکشت ملی لیکن پارٹی پھر نئے دم خم کے ساتھ کھڑی ہوگئی۔ کانگریس کی نظریات کو لے کر آگے بڑھنے والے نوجوان ملک کی تمام ریاستوں میں ہیں۔ دھول سنگھ سماجی کاموں میں مصروف رہنے والے نوجوان لیڈر ہیں۔ کانگریس میں شامل ہونے کا ان کا فیصلہ نہایت مناسب ہے۔ ان کے ساتھ آنے والے کارکنان کے علاوہ ایک بڑی فوج بھی جلد کانگریس میں شامل ہونے والی ہے۔اس موقع پر دھیرج دیشمکھ نے بھی خطاب کیا۔