شمالی ممبئی میں بی جے پی کے پیڈر روڈ کے پارسل کو واپس پیڈر روڈ بھیجیئے اور بھوشن پاٹل کو زبردست اکثریت سے کامیاب کیجئے: سنجے راؤت
ممبئی: وزیر اعظم نریندر مودی بی جے پی کے اسٹار پرچارک کے طور پر 400 پار کا نعرہ لگاتے ہوئے ملک بھر میں گھوم رہے ہیں، لیکن حقیقت میں اس بار ان کے لیے 200 بھی پار کرنا مشکل ہوگا۔ پہلے مرحلے کی ووٹنگ دیکھ کر مودی کو بھی اپنی شکست کا احساس ہو گیا ہے۔ پہلے بی جے پی والے یہ سمجھ رہے تھے کہ مہاراشٹر میں بھی مودی کارڈ کام کرے گا لیکن ان کا یہ اندازہ بالکل غلط ثابت ہوا۔ اسی لیے مودی اور ان کے اتحادی پارٹیاں ہندو مسلم، انڈیا پاکستان جیسے ایشوز کو لے کر ملک کو تقسیم کرنے کی سیاست کر رہی ہیں۔ لیکن مہاراشٹر کے ذہین لوگ انہیں شکست سے دوچار کیے بغیر نہیں رہیں گے۔ یہ باتیں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے مہاراشٹر کے انچارج رمیش چنیتھلا نے کہی ہیں۔ وہ شمالی ممبئی لوک سبھا حلقہ سے کانگریس کے امیدوار بھوشن پاٹل کے مرکزی انتخابی دفتر کے افتتاح کے موقع پر مہاوکاس اگھاڑی کی طرف سے منعقد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
اس موقع پر شیوسینا کے لیڈر اور ایم پی سنجے راوت، ممبئی کانگریس کی صدر اور شمالی وسطی ممبئی لوک سبھا سیٹ سے امیدوار ورشا گائیکواڑ، ایم ایل اے اسلم شیخ، مہاراشٹر پردیش کانگریس کے ورکنگ صدر نسیم خان، راجیہ سبھا ایم پی چندرکانت ہنڈورے، سابق ایم ایل اے ونود گھوسالکر، ایم ایل اے ولاس پوتنیس، کانگریس ایم ایل اے امین پٹیل، سابق ایم ایل اے اشوک بھاؤ جادھو اور کانگریس کے ترجمان سچن ساونت موجود تھے۔
رمیش چنیتھلا نے کہا کہ وزیر اعظم مودی شرد پوار جیسے سینئر لیڈر کو بھٹکتی آتما کہتے ہیں۔ کیا اس طرح کا بیان ملک کے وزیر اعظم کے عہدے پر فائز شخص کو زیب دیتا ہے؟ انہوں نے مزید کہا کہ ادھو ٹھاکرے کی شیوسینا کو وزیر اعظم مودی اور ان کے لوگ جعلی شیوسینا کہتے ہیں۔ لیکن مودی جی یہ مت بھولیں کہ ادھوٹھاکرے کی شیوسینا ہی اصل شیوسینا ہے۔ یہ شیو سینک اس وقت تک خاموش نہیں بیٹھیں گے جب تک کہ وہ آپ کو یہاں سے پوری طرح سے باہر نہیں نکال دیتے۔ کانگریس کے ریاستی انچارج نے کہا کہ چونکہ بی جے پی اور اس کے لوگوں کے پاس کوئی دوسرا موضوع نہیں ہے اس لیے وہ ملک کو تقسیم کرنے کی سیاست کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم مودی اور ان کے لیڈر اپنی تقریروں کے ذریعے مذہب اور ذات پات کے نام پر اختلافات پیدا کر رہے ہیں۔ لیکن اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ وہ شرد پوار اور شیوسینا کے بارے میں کیا کہتے ہیں کیونکہ مہاراشٹر کے لوگ مہا وکاس اگھاڑی کے ساتھ ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ ہم ممبئی میں لوک سبھا کی پوری کی پوری چھ سیٹیں جیتیں گے۔
اس موقع پر شیو سینا کے لیڈر اور ایم پی سنجے راوت نے کہا کہ میں شمالی ممبئی کے لوگوں سے اپیل کر رہا ہوں کہ پیڈر روڈ پارسل جسے بی جے پی نے شمالی ممبئی کے لوک سبھا انتخابات میں امیدوار کے طور پر میدان میں اتارا ہے، پیڈر روڈ واپس بھیج دیں اور بھوشن پاٹل کو بھاری ووٹوں سے منتخب کریں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی انتخابی ریلی کے دوران بی جے پی امیدوار پیوش گوئل ناک پر رومال باندھ کر چل رہے تھے۔ آخر وہ کولی بھائیوں سے اس قدر نفرت کیوں کرتے ہیں؟ انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ کولی برادری کے لوگ یہاں کی مٹی کے اصل بیٹے ہیں۔ اگر گوئل کو کولی سماج کے لوگوں سے اتنا ہی نفرت ہے تو وہ ان کے مسائل کیسے حل کریں گے؟ سنجے راؤت نے کہا کہ اگر مہاراشٹر میں گوئل کی ناک کے بال جل رہے ہیں تو انہیں گجرات جا کر الیکشن لڑنا چاہئے۔ انہیں مہاراشٹر میں الیکشن لڑنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ اس لیے ہم اس پارسل کو جلد ہی پیڈر روڈ پر بھیجنا چاہتے ہیں۔