نریندر مودی وزیر اعظم نہیں بلکہ صرف بی جے پی کے پرچارک ہیں: ناناپٹولے
کانگریس عوام کی مدد کر رہی ہے اور وزیر اعظم ملک کا سرمایہ بیچ رہے ہیں
مودی کا الزام گویا الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے
ممبئی: یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کورونا کے دور میں اپنی حکومت کی ناکامیوں اور غلطیوں کو چھپانے کے لیے کانگریس پارٹی پر جھوٹے الزامات لگا رہے ہیں۔ جس وقت ملک کے لوگ مصیبت میں تھے، کانگریس کے کارکنان عوام کی مدد کر رہے تھے اور وزیر اعظم نریندر مودی ملک کا سرمایہ بیچ رہے تھے۔ انہیں عام لوگوں کے مسائل سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ وہ خود کو ملک کا وزیراعظم نہیں بلکہ بی جے پی کے پرچارک سمجھتے ہیں۔ یہ سخت تنقید آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کی ہے۔وہ وزیراعظم کے بیان پر میڈیا کے سامنے اپنے ردعمل کا اظہار کررہے تھے۔
نانا پٹولے نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے بے حسی کی تمام حدیں پار کر دی ہیں۔ عین اس وقت جب دنیا میں کورونا کے متاثرین سامنے آنے لگے تھے مودی ٹرمپ کو سلام کرنے میں مصروف رہے جبکہ راہل گاندھی کورونا کی روک تھام کے لئے حفاظتی تدابیر کی بات کررہے تھے۔اپنی خود کی تشہیر کی ہوس کی وجہ سے وزیراعظم نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جس کے باعث ملک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا۔بغیر کسی تیاری اور منصوبہ بندی کے ملک کے لوگوں پر تھوپے گئے لاک ڈاؤن کی وجہ سے ملک بھر کے غریبوں، مزدوروں اور محنت کشوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مودی کے گجرات میں جب شمالی ہندکے لوگ بھوکوں مر رہے تھے تومہاراشٹر کانگریس اور ریاست کی مہاوکاس اگھاڑی حکومت نے ان کے رہنے اور کھانے کا انتظام کیا۔ ہماری لیڈر محترمہ سونیا گاندھی اور راہل گاندھی کی ہدایات پرعمل کرتے ہوئے کانگریس پارٹی نے اپنے وطن سے دور لوگوں کی رہائش اور ان کے وطن واپسی کا انتظام کیا۔ مشکل میں پھنسے ہوئے لوگوں کی مدد کرنے کا انسانی دھرم کی ہم نے پاسداری کی۔
پٹولے نے کہا کہ جس وقت کانگریس کے کارکنان لوگوں کی مدد کر رہے تھے، وزیر اعظم نریندر مودی عوام سے تالیاں اور تھالیاں بجواکرملک کا سرمایہ اپنے صنعتکار دوستوں میں تقسیم کررہے تھے۔ اس وقت وزیر اعظم کے پاس کورونا سے بچاؤ کے اقدامات کرنے کا وقت نہیں تھا کیونکہ وہ کرناٹک اور مدھیہ پردیش میں کانگریس کی حکومتوں کا تختہ الٹنے میں مصروف تھے۔اپنے وطن جاتے ہوئے سیکڑوں کلومیٹر کا طویل سفر پیدل کرتے ہوئے بہت سے ہمارے مزدور بھائیوں کی راستے میں ہی موت ہوگئی جبکہ بہت سے لوگ ٹرینوں کے نیچے کچلے گئے تھے، اس وقت غریبوں کی مددنہ کرنے والے اور ان کی موت پر ایک لفظ تک اپنے منھ سے ادا نہ کرنے والے وزیراعظم آج غریبوں کی مدد کے نام پر کانگریس پر تنقید کر رہے ہیں۔وزیراعظم کا یہ رویہ الٹاچور کوتوال کو ڈانٹے جیسا ہے۔