ناندیڑ :21۔ جون (ورق تازہ نیوز)شہر میں قتل کی وارداتوں کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ نامعلوم وجوہات کی بنا پر ایک شخص کو آدھی رات کے وقت بے دردی سے قتل کیے جانے کا چونکا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے۔ یہ واردات ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب پیش آئی، جس کے بعد علاقے میں سنسنی اور خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہو گیا۔ مقتول کی شناخت شیخ شمیم شیخ اسحاق (42) کے طور پر ہوئی ہے۔ دو موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے ان پر فائرنگ کر کے انہیں موت کے گھاٹ اتار دیا۔ اس واقعے کے بعد شہر میں امن و امان کی صورتحال پر سنگین سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
گزشتہ تین ماہ سے ناندیڑ شہر میں گینگ وار اور قتل کی وارداتوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ہفتہ کی نصف شب کے بعد تقریباً ڈیڑھ سے دو بجے کے درمیان شیخ شمیم شیخ اسحاق اپنے ایک دوست کے ساتھ واگھی روڈ پر واقع ایک پان کی دکان کے قریب چبوترے پر بیٹھے ہوئے تھے۔ اسی دوران دو موٹر سائیکلوں پر سوار نامعلوم افراد وہاں پہنچے اور قریب آ کر علاقے میں موجود ایک درگاہ کا پتہ دریافت کرنے لگے۔
شیخ شمیم انہیں پتہ بتا رہے تھے کہ اسی دوران ان کے ساتھ موجود دوست کی نظر حملہ آوروں کے ہاتھ میں موجود پستول پر پڑی۔ صورتحال کی سنگینی کو بھانپتے ہوئے انہوں نے شیخ شمیم کو خبردار کرنے کی کوشش کی، لیکن اتنے میں حملہ آوروں نے ان پر جان لیوا حملہ کر دیا۔ پہلے ان پر فائرنگ کی گئی اور اس کے بعد تیز دھار ہتھیار سے متعدد وار کیے گئے۔ اس حملے میں شیخ شمیم شدید زخمی ہو گئے اور موقع پر ہی دم توڑ گئے۔؟
واقعہ کی جگہ سے گولی چلنے کے اشارے دینے والے شواہد ملنے کی بات کی جا رہی ہے اور یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ وہاں سے خالی کارتوس برآمد ہوئے ہیں۔ تاہم، پولیس کی جانب سے ابھی تک اس کی سرکاری تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ رامیشور ونجنے، پولیس انسپکٹر اجیت کمبھار، اتل بھوسلے اور دیگر پولیس افسران و اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ علاقے کا پنچ نامہ کرکے شواہد اکٹھا کرنے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔
یہ قتل کن وجوہات کی بنا پر کیا گیا، اس بارے میں ابھی تک کوئی معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔ پولیس ملزمان کی شناخت اور ان تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہے۔