سونا 3000 روپے اور چاندی 8000 روپے سستا

نئی دہلی:سونے اور چاندی کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑی گراوٹ دیکھنے کو مل رہی ہے۔ یہ دونوں ہی قیمتی دھاتیں گزشتہ 2 دنوں میں منھ کے بل نیچے گرتی ہوئی دکھائی دی ہیں۔ یعنی زیورات بنانے والوں کے لیے یہ بہترین موقع ہے۔ ملٹی کموڈٹی ایکسچینج (ایم سی ایکس) پر جمعہ کو کاروبار کے آغاز کے ساتھ ہی چاندی کی فیوچر قیمت میں دوبارہ بڑی کمی آ گئی۔ محض 2 دنوں میں یہ قیمتی دھات 22 ہزار روپے سستی ہو گئی ہے۔ دوسری جانب سونا بھی خاصہ سستا ہوا ہے اور 24 قیراط سونے کی 10 گرام قیمت گھٹ کر 1.46 لاکھ روپے تک آ گئی ہے۔

ایم سی ایکس پر چاندی کی قیمت میں آنے والی گراوٹ پر نظر ڈالیں تو 3 جولائی ایکسپائری والی چاندی کی قیمت گزشتہ کاروباری دن گر کر 2 لاکھ 37 ہزار 572 روپے فی کلوگرام پر بند ہوئی تھی، جبکہ جمعہ کو کاروبار کے آغاز کے ساتھ ہی یہ پھسل کر 2 لاکھ 29 ہزار 561 روپے فی کلوگرام پر آ گئی۔ اس طرح ایک ہی جھٹکے میں ایک کلو چاندی 8,011 روپے سستی ہو گئی۔گزشتہ کاروباری دن جمعرات کو بھی چاندی کی فیوچر قیمت میں بڑی گراوٹ دیکھی گئی تھی اور کاروبار کے اختتام تک یہ مسلسل نیچے آتی رہی تھی۔

اگر 2 دن کی مجموعی گراوٹ کا جائزہ لیا جائے تو بدھ کے روز چاندی 2 لاکھ 51 ہزار 807 روپے فی کلوگرام پر بند ہوئی تھی، جو جمعرات کو 2 لاکھ 37 ہزار 572 روپے اور جمعہ کو 2 لاکھ 29 ہزار 561 روپے فی کلوگرام تک آ گئی۔ اس طرح 2 دنوں میں چاندی 22 ہزار 246 روپے فی کلوگرام سستی ہو چکی ہے۔چاندی کے بعد اگر سونے کی فیوچر قیمت کی بات کریں تو وہ بھی چاندی کے نقش قدم پر چلتی ہوئی مسلسل کمزور ہوتی نظر آ رہی ہے۔ 5 اگست ایکسپائری والے 24 قیراط سونے کی 10 گرام قیمت کاروبار کے آغاز کے ساتھ ہی گر کر 1 لاکھ 46 ہزار 252 روپے پر آ گئی، جبکہ گزشتہ کاروباری دن یہ 1 لاکھ 49 ہزار 309 روپے فی 10 گرام پر بند ہوئی تھی۔ یعنی سونا اچانک 3,057 روپے سستا ہو گیا۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading