ٹی ای ٹی امتحان میں مسلم خواتین امیدواروں کو حجاب اور دوپٹہ پہننے کی اجازت دی جائے: آئیٹا مہاراشٹر کا مطالبہ

ناندیڑ، (راست)آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس ایسوسی ایشن (آئیٹا) مہاراشٹر کی ایشو کمیٹی نے ریاستی امتحانی کونسل، مہاراشٹر سے مطالبہ کیا ہے کہ 28 جون 2026 کو منعقد ہونے والے مہاراشٹر ٹیچر اہلیت امتحان (MAHA TET) میں مسلم خواتین امیدواروں کو حجاب اور دوپٹہ پہن کر امتحان میں شرکت کی اجازت دی جائے۔

آئیٹا مہاراشٹر کی جانب سے ریاستی رابطہ کار شیخ عبداللہ نے کمشنر، ریاستی امتحانی کونسل کو ایک تفصیلی مکتوب روانہ کیا ہے۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ امتحان کے لیے جاری کردہ ہدایات میں سر، گردن اور چہرہ ڈھانپنے والی اشیاء پر پابندی عائد کی گئی ہے، جس سے مسلم خواتین امیدواروں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔

آئیٹا مہاراشٹر نے اپنے مکتوب میں واضح کیا ہے کہ حجاب اور دوپٹہ مسلم خواتین کی مذہبی شناخت، ثقافتی روایات اور آئینِ ہند کے تحت حاصل مذہبی آزادی کا حصہ ہیں۔ لہٰذا انہیں امتحان میں شرکت کے دوران حجاب یا دوپٹہ پہننے کی اجازت دی جانی چاہیے۔
تنظیم نے یہ بھی تجویز پیش کی ہے کہ امتحانی مراکز پر خواتین عملے کے ذریعے شناختی جانچ اور ضروری تلاشی کا انتظام کیا جائے تاکہ امتحان کی شفافیت اور سلامتی برقرار رہے اور ساتھ ہی امیدواروں کے مذہبی جذبات اور آئینی حقوق کا بھی مکمل احترام ہو۔

آئیٹا مہاراشٹر ایشو کمیٹی نے ریاستی امتحانی کونسل سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے پر سنجیدگی اور ہمدردی کے ساتھ غور کرتے ہوئے فوری طور پر مناسب ہدایات جاری کرے، تاکہ مسلم خواتین امیدوار بغیر کسی ذہنی دباؤ کے امتحان میں شرکت کر سکیں۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading