MPCC Urdu News 6 July 2023

ای ڈی، سی بی آئی کا خوف دکھا کر پارٹیاں توڑنے والی آمرانہ طاقتوں کے خلاف ہم متحد ہو کر لڑیں گے: نانا پٹولے

کرپشن بی جے پی کے خون میں شامل ہے، کرپٹ لوگو ں کونہیں بخشے جانے کا وزیراعظم کا دعویٰ کھوکھلا ہے

مہاراشٹر کانگریس عوام کے مسائل کے لیے سڑکوں پر اترے گی اور بی جے پی کا اصلی چہرہ بے نقاب کرے گی

کانگریس کے بارے میں افواہیں پھیلانے کی دانستہ کوشش، کوئی پارٹی نہیں چھوڑے گا

ممبئی: آئندہ انتخابات میں شکست کے خوف سے بی جے پی دوسری پارٹیوں کو توڑنے کی آمرانہ کوششوں میں مصروف ہوگئی ہے۔مہاراشٹر میں پچھلے کچھ دنوں سے گندی سیاست چل رہی ہے۔ ای ڈی، سی بی آئی جیسی سرکاری تفتیشی ایجنسیوں کا خوف دکھا کر اپوزیشن پارٹیوں کو ختم کرنے کی سازش رچی جا رہی ہے اور جمہوریت کا گلا گھونٹا جا رہا ہے۔ بی جے پی کے اس آمریت کو ختم کرنے کے لیے ہم نے سڑکوں پر آکر احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ باتیں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کہی ہیں۔

ناناپٹولے کی صدارت میں گروارے کلب ہاؤس میں ریاستی کانگریس کی کور کمیٹی کی میٹنگ ہوئی جس میں کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر بالاصاحب تھورات، سابق وزیر اعلی سشیل کمار شندے، اشوک چوہان، پرتھوی راج چوہان، تلنگانہ کانگریس کے انچارج مانک راؤ ٹھاکھرے، ریاستی کانگریس کے کارگزار صدر وسابق وزیر نسیم خان، بسوراج پاٹل، پرنیتی شندے اور قانون ساز کونسل میں پارٹی کے گروپ لیڈر اور سابق وزیر ستیج عرف بنٹی پاٹل نے شرکت کی۔

میٹنگ کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ آج کی میٹنگ میں ہم نے اقتدار کے لالچ میں بی جے پی کی کسی بھی حد تک جانے والی سیاست پر تشویش کا اظہار کیا۔ اس پر تبادلہ خیال کیا گیا کہ ہم سب کو مل کر اس رجحان کا مقابلہ کرنا چاہیے۔ وزیر اعظم مودی نے عوامی طور پر این سی پی پر 70ہزار کروڑ روپے کی بدعنوانی کا الزام لگایا تھا لیکن اب انہوں نے ان لیڈروں کو باعزت طریقے سے حکومت میں شامل کرنے کے بعد انہیں وزارتی عہدہ دیا ہے۔ بدعنوانی پر پی ایم مودی کے دانت کھانے کے کچھ اور دکھانے کے کچھ اورہیں۔ پٹولے نے بی جے پی سے سوال کیا ہے کہ این سی پی کو بدعنوان پارٹی کہنے کے بعد آپ انہیں اقتدار میں کیسے لے سکتے ہیں؟۔وزیر اعظم نریندر مودی کی بدعنوانی کے خلاف بیان بازی محض ایک کھوکھلی دہاڑ ہے۔ بدعنوانی بی جے پی کے خون میں شامل ہے۔ کرناٹک میں 40 فیصد کمیشن کے ساتھ بی جے پی کی حکومت تھی اور وزیر اعظم انہی بدعنوان لوگوں کے لیے مہم چلا رہے تھے۔ بی جے پی بدعنوان لوگوں کو پارٹی میں لے کر پارٹی کی طاقت بڑھانے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ بی جے پی کا یہ رویہ جمہوریت کے لیے خطرناک ہے۔کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ 2 جولائی کو سمردھی ہائی وے پر بس حادثے میں 26 لوگوں کی موت کے بعد آخری رسومات ادا کی جا رہی تھیں، لیکن اسی دن بی جے پی این سی پی لیڈروں کو حکومت میں شامل کرنے کے بعد راج بھون میں تقریب منقعد کررہی تھی۔ یہ کام کرتے ہوئے بی جے پی کو کوئی شرم محسوس نہیں ہوئی۔

پٹولے نے کہا کہ بی جے پی حکومت عوامی مسائل پر بات نہیں کر رہی ہے۔ کسانوں کے سامنے بڑا بحران ہے۔ مہنگائی اور بے روزگاری میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ مرکز اور ریاست میں بی جے پی حکومت تمام محاذوں پر ناکام ہوچکی ہے۔ کانگریس پارٹی ریاست کے تمام اضلاع میں عوام کے مسائل کے حل کے لیے تحریک چلائےء گی اور بی جے پی کے اصلی چہرے کو بے نقاب کرنے کے لیے پریس کانفرنس بھی کرے گی۔

صحافیوں کے ذریعے پوچھے گئے ایک سوال کاجواب دیتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ بی جے پی جان بوجھ کر کانگریس کے بارے میں غلط افواہ پھیلارہی ہے۔ اسی طرح کی افواہ اس وقت بھی پھیلائی گئی تھی جب راہل گاندھی کی پد یاترا شروع ہوئی تھی۔ افواہیں اب بھی پھیلائی جا رہی ہیں،لیکن سچائی یہ ہے کہ کانگریس پارٹی کو کوئی نہیں چھوڑے گا۔ سب مل کر کام کر رہے ہیں۔ نانا پٹولے نے کہا کہ موقع پرست اور متشددانہ مزاج کے لوگ مہاوکاس اگھاڑی کو چھوڑ چکے ہیں۔ یہ ایک طرح سے اچھا ہوا ہے۔ پٹولے نے کہا کہ جو بھی پارٹی کانگریس پارٹی کے ساتھ مل کر بی جے پی کی مخالفت کرے گی، ہم ان کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر بالاصاحب تھورات نے کہا کہ اگرچہ کچھ لوگوں نے این سی پی چھوڑ دی ہے، لیکن اس سے مہاوکاس اگھاڑی پر کوئی اثر نہیں پڑا ہے، بلکہ یہ اتحاد مزید مضبوط ہوا ہے۔ ہم سب مل کر اسمبلی میں بہتر ین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر میں جس طرح کی سیاست چلائی جا رہی ہے اسے لوگوں نے پسند نہیں کیا ہے۔ آئندہ انتخابات میں عوام بی جے پی کی اس سیاست کا منہ توڑ جواب دے کر انہیں سخت سبق سکھائیں گے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading