ناندیڑ میں پھر قتل کی تازہ واردات تین دن میں پانچواں قتل، شہر میں خوف و ہراس

ناندیڑ۔6 اپریل (حیدر علی): ناندیڑ میں قتل کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ایک تازہ معاملے میں شیو سینا شندے گروپ کے ایک کارکن کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ تین دنوں میں یہ پانچواں قتل ہے، جس سے پورے شہر میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔آج پیر کی صبح تقریباً 5:30 بجے سری نگر علاقے میں مارننگ واک پر نکلے شیو سینا شندے گروپ کے کارکن سونو کلیانکر پر نامعلوم حملہ آوروں نے جان لیوا حملہ کر دیا۔ حملہ آوروں نے اسے گھیر کر پیٹ اور پیٹھ پر تیز دھار ہتھیار سے کئی وار کیے اور موقع سے فرار ہو گئے۔ شدید زخمی ہونے کے باعث سونو کلیانکر کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ سونو کلیانکر کا گھر جائے وقوعہ سے کچھ ہی فاصلے پر ہے اور وہ روزانہ صبح مارننگ واک کے لیے نکلتا تھا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ ناندیڑ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ابیناش کمار، ایڈیشنل ایس پی سورج گرو اور پولیس انسپکٹر سنتوش تامبے نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ پولیس ملزمان کی تلاش میں مصروف ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ تین سال قبل بھی سونو کلیانکر پر جان لیوا حملہ ہوا تھا۔ اس وقت رِندا گینگ کے رکن گولو منگناڈے نے اس پر فائرنگ کی تھی، جس میں وہ بچ گیا تھا۔ فی الحال گولو منگنالے جیل میں ہے اور پولیس اس زاویے سے بھی تفتیش کر رہی ہے۔ناندیڑ میں گزشتہ تین دنوں کے دوران پانچ قتل ہو چکے ہیں۔ دو دن پہلے بھاگیہ نگر تھانہ حدود میں گینگ وار کے دوران ارجیت سنگھ چوہان، محمد ارباز اور سید اویس کو قتل کر دیا گیا تھا۔ اس کے بعد وزیرآباد علاقے میں رجّو سنگھ تبیلے والے کا قتل ہوا اور اب سونو کلیانکر کے قتل نے حالات کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ مسلسل پیش آ رہی ان وارداتوں سے ناندیڑ میں امن و امان کی صورتحال پر سوال اٹھ رہے ہیں اور شہر میں خوف کا ماحول برقرار ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading