بہار بلاسٹرس نے ’پریزیڈنٹ کپ 2026‘ جیت لیا دادوجی کونڈ دیو اسٹ یڈیم میں شاندار اختتام، ایک کروڑ کا انعام

بہار بلاسٹرس نے ’پریزیڈنٹ کپ 2026‘ جیت لیا
دادوجی کونڈ دیو اسٹیڈیم میں شاندار اختتام، ایک کروڑ کا انعام

تھانے (آفتاب شیخ)

تھانے شہر کے دادوجی کونڈ دیو اسٹیڈیم میں ٹینس کرکٹ اسپورٹس فیڈریشن آف انڈیا کے زیر اہتمام گزشتہ چھ دنوں سے جاری ’پریزیڈنٹ کپ 2026‘ اتوار کو شاندار انداز میں اختتام پذیر ہوگیا، جہاں فائنل مقابلے میں بہار بلاسٹرس نے سنسنی خیز میچ جیت کر اس ٹورنامنٹ کے پہلے فاتح ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

قومی سطح کے اس ٹورنامنٹ کا آغاز 31 مارچ کو ہوا تھا، جس میں ملک کی 16 ریاستوں کی ٹیموں نے شرکت کی۔ لیگ مرحلے کے بعد فائنل میں بہار بلاسٹرس اور یوپی نائٹس کے درمیان مقابلہ ہوا، جس میں بہار کی ٹیم نے سخت جدوجہد کے بعد کامیابی حاصل کی۔ ٹورنامنٹ کا افتتاح ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور معروف اداکار سلمان خان کی موجودگی میں کیا گیا تھا۔

اختتامی تقریب کو مزید یادگار بنانے کے لیے بالی ووڈ کے معروف اداکار سنجے دت اور سنیل شیٹی خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ تقریب کا آغاز سنیل شیٹی کی آمد سے ہوا، جب کہ فائنل سے قبل عالمی شہرت یافتہ ڈرمر شیومانی کی پونیری ڈھول کے ساتھ پیش کی گئی جگل بندی نے اسٹیڈیم میں موجود شائقین کو مسحور کردیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر شری کانت شندے نے ٹورنامنٹ کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ٹینس کرکٹ کو فروغ دینے کے لیے ’پریزیڈنٹ کپ‘ اب سال میں تین مرتبہ منعقد کیا جائے گا، جب کہ اس سیریز کا اگلا ایڈیشن آئندہ نومبر میں ہوگا۔ انہوں نے فاتح ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے تمام کھلاڑیوں کی اسپورٹس مین شپ اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔

ٹورنامنٹ کی انعامی رقم بھی خاصی پرکشش رکھی گئی، جس کے تحت فاتح بہار بلاسٹرس کو ایک کروڑ روپے جبکہ رنر اپ یوپی نائٹس کو 50 لاکھ روپے سے نوازا گیا۔ اس اقدام کا مقصد دیہی علاقوں کے باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور انہیں مالی معاونت فراہم کرنا بتایا گیا۔

اختتامی تقریب میں ریاست کے وزیر اور فیڈریشن کے کارگزار صدر ڈاکٹر اودے سامنت، وزیر دادا بھوسے، رکن پارلیمنٹ نریش مہسکے، سابق ڈپٹی چیئرمین نیلم گورہے، سابق ہندوستانی کرکٹرز چندرکانت پنڈت اور پروین امرے سمیت متعدد معززین نے شرکت کی۔

ٹورنامنٹ کے نمایاں فاتحین میں بہار بلاسٹرس نے کپ اپنے نام کیا جبکہ یوپی نائٹس رنر اپ رہی۔ کیتن مہاترے کو بہترین بلے باز، وشال سنگھ کو مین آف دی میچ اور موہت اسٹارک کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔ بہترین بالر کا اعزاز سریندر سینی کو ملا، سرتاج علی کو بہترین ابھرتے ہوئے کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ پنکج پارتھ نے ہیٹرک کا کارنامہ انجام دیا۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading