اتحادی پارٹیوں کی حمایت سے کانگریس کی بارامتی میں مضبوط مقابلے کی تیاری
کانگریس، راشٹریہ سماج پارٹی اور ونچت بہوجن اگھاڑی کے مشترکہ امیدوار ایڈوکیٹ آکاش وجے راو مورے کی نامزدگی داخل
ممبئی: بارامتی اسمبلی حلقے کے ضمنی انتخاب کے لیے سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آ گئی ہے اور اسی سلسلے میں کانگریس، راشٹریہ سماج پارٹی اور ونچت بہوجن اگھاڑی کے مشترکہ امیدوار ایڈوکیٹ آکاش وجے راو مورے نے اپنا نامزدگی فارم داخل کر دیا ہے۔ وہ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے سکریٹری بھی ہیں اور انہیں اتحادی جماعتوں کی باقاعدہ حمایت حاصل ہے، جس کے بعد اس انتخابی مقابلے کو اہم اور دلچسپ قرار دیا جا رہا ہے۔
نامزدگی داخل کرنے کے موقع پر پونے دیہی ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر شیرنگ چوہان، ورکنگ صدر لہو انا نیونگونے، بارامتی شہر کانگریس کے صدر اشوک انگولے، جنرل سکریٹری راہل وابلے، کملکر ساتو، گووند مرگے، پونے ضلع یوتھ کانگریس کے صدر ویر دھول گاڈے، راشٹریہ سماج پارٹی کے ضلع صدر کرن گوپنے، کارپوریٹر امول ساتکر سمیت کانگریس، راسپ اور ونچت بہوجن اگھاڑی کے متعدد عہدیداران اور کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔
کانگریس پارٹی نے پہلے ہی واضح کر دیا تھا کہ اگر نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار گروپ) بارامتی سے انتخاب نہیں لڑتی تو کانگریس خود میدان میں اترے گی۔ اسی حکمت عملی کے تحت کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے راشٹریہ سماج پارٹی کے لیڈر اور سابق وزیر مہادیو جانکر اور ونچت بہوجن اگھاڑی کے لیڈر و سابق رکن پارلیمنٹ ایڈوکیٹ پرکاش امبیڈکر سے بات چیت کی تھی، جس کے نتیجے میں دونوں پارٹیوں نے کانگریس کی حمایت کا اعلان کیا۔
اس ضمنی انتخاب میں کانگریس ‘جمہوریت کی لڑائی، آئین کا راستہ‘ کے نعرے کے ساتھ میدان میں اتری ہے۔ پارٹی کے مطابق ایڈوکیٹ آکاش مورے ایک پیشہ ور وکیل ہیں اور تنظیمی سطح پر سرگرم کردار ادا کرتے رہے ہیں، اس لیے انہیں امیدوار کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔ ان کا تعلق ایک سیاسی خاندان سے بھی ہے، ان کے والد وجے راو مورے ماضی میں کانگریس پارٹی کے رکن قانون ساز کونسل رہ چکے ہیں۔
سیاسی حلقوں کے مطابق بارامتی کا یہ ضمنی انتخاب نہ صرف مقامی بلکہ ریاستی سیاست کے لیے بھی اہمیت رکھتا ہے، جہاں مختلف جماعتوں کے اتحاد اور حکمت عملی کے باعث مقابلہ مزید سخت ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
MPCC Urdu News 6 April 26.docx