بارامتی صرف ایک انتخابی حلقہ نہیں بلکہ دادا کی سانس تھا: سنیتر ہ اجیت پوار

بارامتی صرف ایک انتخابی حلقہ نہیں بلکہ دادا کی سانس تھا: سنیترہ اجیت پوار

یہ انتخاب ذاتی نہیں بلکہ بارامتی کے عوام کے جذبات سے جڑا ہوا ہے، دادا کے خوابوں کو پورا کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری

بارامتی: بارامتی اسمبلی حلقے میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے پس منظر میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں، اور اسی سلسلے میں مہایوتی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ سنیترہ اجیت پوار نے عوامی جذبات، سیاسی ذمہ داری اور ترقیاتی عزم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں واضح کیا ہے کہ بارامتی محض ایک انتخابی حلقہ نہیں بلکہ ایک ایسا مرکز ہے جو مرحوم لیڈر اجیت دادا کی شناخت اور عوامی رشتوں کی علامت رہا ہے اور اسی ورثے کو آگے بڑھانا ان کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

یہ اجلاس بارامتی کے کویور موروپنت ہال میں منعقد ہوا، جس میں نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، سینئر لیڈر پرفل پٹیل، ریاستی صدر سنیل تٹکرے، چندرشیکھر باونکُلے، چھگن بھجبل، دلیپ ولسے پاٹل اور حسن مشرف سمیت مختلف پارٹیوں کے لیڈران، سابق و موجودہ وزراء، ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی اور بڑی تعداد میں کارکنان شریک ہوئے۔

سنیترہ اجیت پوار نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ حال ہی میں ریاست نے اپنے ایک اہم عوامی لیڈر اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت دادا کو کھو دیا، جو بارامتی کے عوام کے لیے گہرا صدمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دادا کی غیر موجودگی میں یہ پہلا انتخاب ہے، اس لیے یہ صرف سیاسی عمل نہیں بلکہ جذباتی وابستگی کا بھی امتحان ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دادا کے ترقیاتی وژن کو آگے بڑھانے کے لیے ان کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ بارامتی کو عالمی معیار کا شہر بنانے کا خواب اجیت دادا نے دیکھا تھا اور اگرچہ ان کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا، لیکن ان کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پورا بارامتی ان کے لیے ایک خاندان کی حیثیت رکھتا ہے، اور وہ اسی جذبے کے ساتھ عوام کی خدمت جاری رکھیں گی۔

سنیترہ اجیت پوار نے یقین دلایا کہ وہ دادا کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے عوامی مسائل کے حل کے لیے ’جنتا دربار‘ کو جاری رکھیں گی اور ہر شہری کی مشکلات کو سنجیدگی سے حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بارامتی کی ہمہ جہت ترقی کے لیے مسلسل کام کیا جائے گا اور شہر میں غیر قانونی یا عوامی مفادات کے خالف سرگرمیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ دادا کے شروع کیے گئے تمام ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا جائے گا۔ نائب وزیر اعلیٰ نے مہایوتی کے تمام اتحادی لیڈروں کی جانب سے ملنے والی حمایت پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ دادا کی یاد اور ان کے نظریات کو سامنے رکھتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس عزم اور لگن کے ساتھ اجیت دادا نے برسوں تک بارامتی اور مہاراشٹر کی خدمت کی، اسی جذبے کے ساتھ وہ بھی ریاست کی ترقی کے لیے کام کریں گی اور عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گی۔

NCP Urdu News 6 April 26.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading