ملکارجن کھرگے کی قیادت میں کانگریس دوبارہ بلندی حاصل کرے گی: ایچ کے پاٹل
مزدورخاندان کے فردکا ملک کی سب سے پرانی پارٹی کا صدر بننا ایک تاریخی واقعہ: ناناپٹولے
بلاک صدر سے قومی صدرصرف کانگریس پارٹی میں ہوسکتا ہے: بالاصاحب تھورات
ریاستی کانگریس کی توسیعی ایگزیکٹیو میٹنگ میں ملکارجن کھرگے کو مبارکباد کی قرارداد منظور
ممبئی:کانگریس ایک ایسی پارٹی ہے جو سب کو موقع دیتی ہے اور اس نے ایک عام خاندان کے فرد کو قومی صدر منتخب کر کے ایک تاریخ رقم کی ہے۔ ملکارجن کھرگے ایک تجربہ کار، بہترین منتظم اور ایک قابل رہنما ہیں جو عام لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں ہیں۔ ان کے طویل تجربے کی روشنی میں کانگریس پارٹی ایک بار پھر بلندی حاصل کرے گی۔ یہ باتیں آج یہاں ریاستی کانگریس کے انچارج ایچ کے پاٹل نے کہی ہیں۔
مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے دفتر تلک بھون میں ریاستی کانگریس کے انچارج ایچ کے پاٹل کی موجودگی اور ریاستی کانگریس کے صدر ناناپٹولے کی قیادت میں ریاستی کانگریس کی توسیعی ایگزیکٹو میٹنگ منعقد ہوئی۔ اس میٹنگ میں ریاستی کانگریس کے صدر نے ملکارجن کھرگے کو مبارکباد دینے کی قرارداد پیش کی جسے سابق وزیرمحصول بالاصاحب تھورات، سابق وزیر اعلی اشوک چوہان اور پرتھوی راج چوہان نے متفقہ طو رپرمنظور کیا۔اس میٹنگ میں آل انڈیا خواتین کانگریس کی صدر محترمہ نیٹا ڈیسوزا،آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے اقلیتی شعبے کے صدر عمران پرتاپ گڑھی، سابق وزیر یشومتی ٹھاکر، ورشا گائیکواڑ، سابق وزیر مملکت بنٹی پاٹل، ڈاکٹر وشواجیت کدم، سابق ریاستی صدر مانک راؤٹھاکرے، ممبئی کانگریس کے صدر بھائی جگتاپ، خواتین کانگریس کی ریاستی صدر سندھیا سوالاکھے، سیوا دل کے ریاستی صدر ولاس اوتاڈے، ریاستی کانگریس کے ورکنگ صدر چندرکانت ہنڈورے،نسیم خان، ایم ایل اے پرنیتی شندے، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری ومعاون انچارج آشیش دووا، سمپت کمار، سونل پٹیل، ریاستی نائب صدر موہن جوشی، ایس سی شعبے کے ریاستی صدر سدھارتھ ہتی امبیرے، ممبرپارلیمنٹ کمار کیتکر، سابق ایم پی حسین دلوائی، یوتھ کانگریس کے ریاستی صدر کنال راؤت،ایم ایل اے وکاس ٹھاکرے،ایم ایل اے وجاہت مرزا،ایم ایل اے ابھیجت ونجاری، ریاستی جنرل سکریٹری پرمود مورے، دیوانند پوار کے ساتھ ریاستی عہدیداران اور ضلعی صدر موجود تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ کانگریس ایک جمہوری پارٹی ہے، ملکارجن کھرگے کو جمہوری طریقے سے صدر منتخب کیا گیا ہے۔ یہ ایک تاریخی واقعہ ہے کہ ایک محنت کش خاندان سے تعلق رکھنے والا فرد ملک کی سب سے پرانی پارٹی کا صدر بنتا ہے۔ کانگریس پارٹی پر اقربا پروری کا الزام لگانے والوں کے لیے یہ ایک بہترین جواب ہے۔ مہاراشٹرا اور دیگر ریاستی کانگریس کمیٹیوں نے یہ تجویز بھی پیش کی تھی کہ راہل گاندھی صدر کا عہدہ قبول کریں لیکن انہوں نے اسے مسترد کردیا اور موقف اختیار کیا کہ پارٹی سے کسی اور شخص کو صدر کے عہدہ کی ذمہ داری لینی چاہئے۔
سابق وزیرمحصول بالاصاحب تھورات نے اس موقع پر کہا کہ ملکارجن کھرگے ووٹوں کے بڑے فرق سے کانگریس کے قومی صدر منتخب ہوئے ہیں۔ کھرگے کو پارلیمانی کام کا 50 سال کا طویل تجربہ ہے۔ انہوں نے ایم ایل اے، ایم پی، وزیر، اپوزیشن لیڈر، ریاستی صدر جیسے مختلف عہدوں پر اپنے کام کے انمٹ نشان چھوڑے ہیں۔کانگریس پارٹی کے بلاک صدر سے قومی صدر تک ان کا سیاسی سفر ہے۔ کھرگے کی قیادت میں اور سونیا گاندھی و راہل گاندھی کی رہنمائی میں پارٹی کے اچھے دن دوبارہ آئیں گے۔
ملکارجن کھرگے کی مبارکبادی قرارداد پر بات کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ اشوک چوہان نے کہا کہ ملکارجن کھرگے کے انتخاب نے پارٹی میں ایک نئی روح پھونک دی ہے۔ کانگریس پارٹی ایک ایسی پارٹی ہے جو سب کو ساتھ لے کر چلتی ہے۔ کھرگے جیسے طویل تجربہ کار لیڈر کو قومی صدر منتخب کیا گیا ہے۔ کھرگے کو مہاراشٹر کے ہر ضلع کے بارے میں گہری معلومات ہے۔ مہاراشٹر کو بھی ان کی صدارت سے فائدہ ہوگا۔
اس میٹنگ میں بھارت جوڑو یاترا پر تبادلہ خیال کیا گیا اور مہاراشٹر میں اس پد یاترا کو کامیاب بنا کر ملک کو ایک مختلف پیغام دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ اس پد یاترا نے ملک کا ماحول بدل دیا ہے اور دنیا نے بھی بھارت جوڑو یاترا کا نوٹس لیا ہے۔ یہ ایک تاریخی پدیاترا ہے جس میں کانگریس پارٹی کی سوچ سے مطابقت رکھنے والی پارٹیوں، تنظیموں اور لوگو ں کی شرکت بھی بڑھ رہی ہے۔ جمہوریت پر یقین رکھنے والے ہر شخص اس پدیاترا کی حمایت کرتا ہے۔ یہ پدایاترا 7 تاریخ کو مہاراشٹر میں داخل ہورہی ہے اورمیٹنگ میں موجوود لیڈران نے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں اس پدایاترا میں شریک ہوکر اسے کامیاب بنائیں۔اس موقع پر مہاراشٹر پردیش یوتھ کانگریس اور کلچرل شعبے کی جانب سے بھارت جوڑو یاترا کے سلسلے میں تیار کردہ دو گیتوں کا بھی اجراء کیا گیا۔